تسلیمہ نسرین دھمکیوں کے بعد بھارت سے امریکا منتقل،مجھے ان مسلم انتہا پسندوں سے خوف اور خطرہ ہے، جنہوں نے ابھی حال ہی میں بنگلہ دیش کے ایک لا دین بلاگر کو قتل کیا، تسلیمہ نسرین

جمعرات 4 جون 2015 08:35

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جون۔2015ء)بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی ادیبہ تسلیمہ نسرین بھارت سے امریکا منتقل ہو گئی ہیں۔ ان کے بقول قتل کی دھمکیوں کے بعد انہوں نے بھارت میں اپنا گھر چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔بنگلہ دیشی ادیبہ تسلیمہ نسرین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں خود کو مزید محفوظ تصور نہیں کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا، ”مجھے ان مسلم انتہا پسندوں سے خوف اور خطرہ ہے، جنہوں نے ابھی حال ہی میں بنگلہ دیش کے ایک لا دین بلاگر کو قتل کیا ہے۔“ ابھی کچھ ہفتے قبل ہی بنگلہ دیش میں آننت بجوئے نامی ایک بلاگر کو قتل کر دیا گیا تھا اور یہ بنگلہ دیش میں رواں سال کے دوران اپنی نوعیت کا تیسرا قتل تھا۔تسلیمہ نسرین نے مزید لکھا کہ ان کے خیال میں جب یہ خطرہ ٹل جائے گا تو وہ واپس آ جائیں گی۔ 52 سالہ نسرین نے مزید بتایا کہ جان سے مار دیے جانے کی دھمکیاں ملنے کے بعد انہوں نے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملنے کی کوشش کی تاہم وزیر داخلہ کی جانب سے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :