برطانوی عدالت نے روانڈا کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کو دس لاکھ پاوٴنڈ کی ضمانت پر رہا کر دیا

ہفتہ 27 جون 2015 03:33

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جون۔2015ء) برطانوی عدالت نے روانڈا کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ جنرل کاراکے کو دس لاکھ پاوٴنڈ کی ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔ جنرل کاراکے کو گزشتہ ہفتے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اسپین نے ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ ایک ہسپانوی عدالت نے کاراکے کو قتل اور نسل کشی کا مجرم قرار دے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں افریقی ملک روانڈا کے صدر پال کاگامے نے برطانیہ میں روانڈا کی انٹیلیجنس کے سربراہ جرنل کارینزی کاراکے کی گرفتاری پر برطانیہ اور مغربی ممالک پر کڑی نکتہ چینی کی تھی۔ ملکی پارلیمنٹ میں تقریر کے دوران انہوں نے کہا کہ جنرل کاراکے کی گرفتاری کی وجہ صرف مغربی ممالک کا ’گھمنڈ‘ اور افریقہ کی جانب پرحقارت رویہ ہے۔ انہوں نے مغرب پر نسل پرست ہونے کا بھی الزام عائد کیا۔