عرب داعش نے لونڈیاں بنائی گئی 42 یزیدی عورتیں فروخت کردی ، خواتین کی 500 سے 2000 ڈالر تک فی کس رقم وصول کی گئی

ہفتہ 27 جون 2015 03:34

بیروت( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جون۔2015ء ) شدت پسند گروپ دولت اسلامیہ عراق وشام "داعش" نے عراق کے یزیدی فرقے سے لونڈیاں بنائی گئی 42 خواتین کو مشرقی شام کی دیر الزور گورنری کے المیادین شہر میں ایک نیلامی میں فروخت کردیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے ولے ادارے" آبزویٹری برائے انسانی حقوق" کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ داعشی جنگجوؤں نے یزیدی فرقے کی یرغمال بنائی گئی خواتین کو المیادین کے ایک مقامی ہیڈ کواٹر میں فروخت کیا۔

گذشتہ روز مجموعی طور پر 42 خواتین کو بیچا گیا اور ان کے بدلے میں 500 سے 2000 ڈالر تک فی کس رقم وصول کی گئی۔ فروخت کی گئی خواتین کے کم سن بچوں کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا وہ کہاں ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ داعش نے پچھلے سال شمالی عراق کے جبل سنجار پر حملے کے وقت ہزاروں کی تعداد میں یزیدی فرقے کے خواتین اور مردوں کو یرغمال بنانے کے بعد انہیں لونڈیاں اور غلاموں کا درجہ دے دیا تھا۔

بعد ازاں انہیں جنگجوؤں میں بانٹنے کے ساتھ ساتھ انہیں فروخت بھی کیا جاتا رہا ہے انسانی حقوق کی تنظیم نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ 40 یزیدی خواتین کو چند ایام قبل عراق سے شام میں المیادین شہر منتقل کیا گیا تھا۔ شام منتقلی کے وقت کئی خواتین کے ساتھ ان کے شیرخوار بھی لائے گئے تھے۔پچھلے سال اگست میں داعش نے عراق سے یرغمال بنائی گئی 300 یزیدی خواتین کو اپنے جنگجوؤں میں مال غنیمت قرار دے کر تقسیم کیا تھا۔ انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ داعشی جنگجو اپنے طور پر بھی مال غنیمت میں ملنے والی خواتین کو کم سے کم ایک ہزار ڈالر کے عوض فروخت کرتے رہے ہیں۔ اس طرح انفرادی طور پر اب تک 27 خواتین کو فروخت کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :