ورلڈ ہاکی لیگ‘ پاک بھارت کا ٹاکرا 2۔2 گول سے برابر‘پاکستان کی جانب سے دونوں گول کپتان محمد عمران نے کئے،قومی ٹیم (کل)اپنا آخری میچ فرانس سے برابر بھی کھیل لے تو وہ کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلے گی

ہفتہ 27 جون 2015 02:14

اینٹورپ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جون۔2015ء)ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان اور بھارت کا میچ دل چسپ مقابلے کے بعد دو دو گول سے برابر ہوگیا، پاکستان کی جانب سے دونوں گول کپتان محمد عمران نے کیے۔بیلجئیم کے شہراینٹ ورپ میں ہونے والے اہم مقابلے میں بھارت نے پہلے کوارٹر میں رامن دیپ سنگھ کے گول کی بدولت ایک صفر کی برتری حاصل کرلی جس کو دوسرے کوارٹر میں ملنے والے پنلٹی اسٹروک پر کپتان محمد عمران نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

تیسرے کوارٹر میں محمد عمران نے ڈریگ فلک کے ذریعے پنلٹی کارنر پر گول بناکے پاکستان کو برتری دلادی، جسے دومنٹ بعد ہی رامن دیپ نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔دو دو گول سے میچ برابر ہونے کے بعد پاکستان کے تین میچز میں پوائنٹس کی تعداد چار ہوگئی ہے اور وہ پول اے میں بھارت اور آسٹریلیا کے بعد تیسرے نمبر پر ہے قومی ٹیم اتوار کو اپنا آخری میچ فرانس سے برابر بھی کھیل لے تو وہ کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلے گی۔

(جاری ہے)

پہلے میچ میں قومی ٹیم نے پولینڈ کو دو ایک سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے مقابلے میں اسے عالمی چیمپئین آسٹریلیا نے چھ ایک کے ٹینس اسکور سے ہرایا تھا، ورلڈ ہاکی لیگ کا فائنل راؤنڈ اٹھائیس نومبر سے چھ دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا، جس کی ٹاپ تھری ٹیمیں اگلے برس ریوڈی جنیرو میں ہونے والے اولمپک کیلئے کوالی فائی کریں گی۔

متعلقہ عنوان :