غزہ سے اڑنے والا ڈرون طیارہ اسرئیل میں گر کر تباہ ، اسرائیلی فوج کا دعویٰ

ہفتہ 27 جون 2015 03:35

مقبوضہ بیت المقدس( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جون۔2015ء )اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی سے ایک چھوٹا ڈرون طیارہ مبینہ طور پر اڑتا ہوا اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ غزہ کی پٹی سے ڈرون طیارے کی اسرائیل میں تباہی کا یہ ایک سال میں تیسرا واقعہ ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی " کو بتایا کہ غزہ کی پٹی سے اڑنے والا ایک چھوٹا ڈرون طیارہ اسرائیل کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد گر کر تباہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں غزہ کی سرحد کے قریب تباہ ہونے والے ڈرون کا ایک ٹکڑا ملا ہے اہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا ڈرون اسلحہ سے لیس تھا یا اس میں جاسوسی کے لیے کیمرے نصب کیے گئے تھے۔خیال رہے کہ پچھلے سال اسلامی تحریک مزاحمت "حماس" کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ نے غزہ پر اسرائیلی حملے کے دوران پہلی بار اسرائیل کی جاسوسی کے لیے ڈرون طیارے کے استعمال کا دعویٰ کیا تھا۔اسرائیلی فوج نے پچھلے سال اسدود اور تل ابیب شہروں کی فضاء میں اڑنے والے دو ڈرون طیارے 14 اور 17 مئی کو مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ گذشتہ روز غزہ کی پٹی سے مبینہ طور پر بھیجے گئے ڈرون طیارے کی ذمہ داری کسی فلسطینی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

متعلقہ عنوان :