ملک میں مون سون بارشوں کا سلسلہ مزید تین روز جاری رہنے کا امکان ، سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اور ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دے دی گئیں

منگل 28 جولائی 2015 09:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جولائی۔2015ء) ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ مزید تین سے چار روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق آج منگل سے جمعرات کے دوران جنوبی پنجاب ، سندھ اور بلوچستان میں مزید مون سون بارشیں ہونگی جبکہ مون سون کی غیر معمولی بارشوں کے باعث اگلے تین سے چار روز کے دوران پنجاب ، بالائی خیبر پختونخواہ ، کشمیر ، مشرقی بلوچستان اور سندھ میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اور ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔

آئندہ تین سے چار روز کے دوران بہاولپور ، ڈی جی خان ، ملتان ، میرپور خاص ، سکھر ، حیدر آباد، لاڑکانہ ، ڈی آئی خان ، بنوں ، ژوب ، سبی اور نصیر آباد ڈویژن میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخوا بالائی پنجاب کشمیر ، گلگت بلتستان ،کراچی ، قلات اور کوئٹہ ڈویژن میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔