اٹک،مسافر کا کان چبانے والے 3غیر ملکی بس ڈرائیور اور کنڈیکٹرز گرفتار، نوشہرہ پولیس کے بعد اٹک خورد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی، مسافر کا دانتوں سے کاٹا گیا آدھا کان نہ مل سکا

منگل 28 جولائی 2015 09:29

چھچھ اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جولائی۔2015ء)موٹروے پولیس نے ہیلپ لائن پر کال وصول کرنے کے فوراً بعدمسافر کا کان چبانے والے 3غیر ملکی بس ڈرائیور اور کنڈیکٹرز کو پکڑ لیا، نوشہرہ پولیس کے بعد اٹک خورد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی، مسافر کا دانتوں سے کاٹا گیا آدھا کان نہ مل سکا، افغان باشندے ویزہ، رہائشی اجازت نامہ اور لائسنس کے بغیر روزانہ پشاور سے راولپنڈی دھڑلے سے آتے جاتے تھے، ضلع نوشہرہ اور ضلع اٹک کے تھانوں میں الگ الگ مقدمات درج، تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس کامرہ بیٹ کو ارشاد نامی شخص نے فون پر مار پیٹ کی اطلاع کی اور بتایا کہ بس نمبر کوہاٹ سی 2435جی ٹی روڈ سے راولپنڈی کی طرف جا رہی ہے جس پر انہوں نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بس کو گوندل چوکی کی حدود میں روکا تو ڈرائیور اور کنڈیکٹرز نے موٹروے پولیس کے ساتھ بھی بدتمیزی شروع کر دی جس پر انہیں انچارج چوکی گوندل گلفراز کے سپرد کر دیا گیا ، ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ڈرائیور اور کنڈیکٹرز اسماعیل ولد لعل، عبدالجلیل ولد عبدالخلیل اور پاکستان ولد گلستان تینوں افغانستان سے تعلق رکھتے ہیں اور پاکستان میں غیر قانونی مقیم ہونے کے باوجود بغیر لائسنس اوربلا اجازت دھڑلے سے روزانہ پشاور تا راولپنڈی آتے جاتے ہیں، تھانہ اٹک خورد پولیس نے فارن ایکٹ کے تحت جبکہ نوشہرہ پولیس نے شہری کا ایک آدھا کان دانتوں سے کاٹنے ، تشدد اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے،عوامی حلقوں نے زبردست کارروائی پر موٹروے پولیس اور گوندل پولیس چوکی کے عملہ کو بروقت کارروائی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :