بھارت ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا ، گورداسپور میں پولیس اسٹیشن پر حملے کے بعد نومبر میں پاک بھارت مجوزہ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا،جب تک سیکیورٹی معاملات بہتر نہیں ہو جاتے، اس وقت تک کرکٹ نہیں ہو سکتی، بھارتی کرکٹ بورڈ

منگل 28 جولائی 2015 08:44

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جولائی۔2015ء) بھارت نے پاکستان پر گورداسپور میں پولیس اسٹیشن پر حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے نومبر میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مجوزہ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔بھارتی پنجاب کے ضلع گورداس پور میں مسلح دہشت گردوں کے پولیس چوکی پر حملے کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ہندوستانی میڈیا کے مطابق جوابی کارروائی میں تینوں دہشت گرد بھی مارے گئے۔

ماضی کی طرح ایک بار پھر ہندوستان نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔یونین ہوم منٹر کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق دہشت گرد رات گئے جموں اور پٹھان کوٹ کے درمیان سرحدی علاقے سے پاکستان سے بھارت میں داخل ہوئے۔

(جاری ہے)

اس حملے کے بعد ہندوستانی کرکت بورڈ(بی سی سی آئی) نے ایک بار پھر ماضی کی روش برقرار رکھتے ہوئے سیریز کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک سکیورٹی معاملات بہتر نہیں ہو جاتے، اس وقت تک کرکٹ نہیں ہو سکتی۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری انو راگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ پاکستان کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ اگر ہمارے ملک کی سکیورٹی اور امن متاثر ہو گا تو کرکٹ نہیں کھیلی جا سکتی۔ میں سمجھ سکتا ہوں کہ کھیل ایک مختلف چیز ہے لیکن ہماری اندرونی سکیورٹی زیادہ اہم ہے‘۔ آئی سی سی کے فیوچر تور پروگرام کے تحت ہندوستان کو پاکستان سے دو ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے جہاں پاکستان ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات میں پڑوسی ملک کی میزبانی کرتا۔اس سیریز پر پہلے سے ہی خدشات کے بادل چھائے ہوئے تھے لیکن پیر کو ہونے والے حملے کے بعد ہندوستان نے اس کا الزام پاکستان کے سر دھر کر سیریز کے رہے سہے امکانات بھی ختم کر دیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :