آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم کی آٹھویں پوزیشن برقرار،گرین شرٹس 90 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں اورویسٹ انڈیز 88 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے،یپمئنز ٹرافی میں کیربیئن ٹیم کی شمولیت معدوم ہوگئی تاہم ستمبر میں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے بھارت سے سیریز کھیلنے کے لئے ہاتھ پاوٴں مارنا شروع کردیئے، آسٹریلیا پہلے، بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، جنوبی افریقا چوتھے اور انگلینڈ چھٹے نمبر پر ہے، سری لنکا پانچویں نمبر پر موجود ہے ، 10 بہترین بلے بازوں میں کوئی پاکستانی بیٹسمین شامل، بولنگ کے شعبے میں سعید اجمل کرکٹ سے دوری کے باوجود آٹھویں پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ، ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنے والے محمد حفیظ 5 بہترین آلراوٴنڈرز میں چوتھے نمبر پر ہیں

منگل 28 جولائی 2015 08:44

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جولائی۔2015ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق پاکستان ٹیم 90 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں پوزیشن پر براجمان ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری رینکنگ کے مطابق سری لنکا کو 2-3 سے شکست دینے کے بعد قومی ٹیم نے رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن سنبھال لی جب کہ ویسٹ انڈیز 88 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر آگئی جس کے بعد چیپمئنز ٹرافی میں کیربیئن ٹیم کی شمولیت معدوم ہوگئی تاہم ستمبر میں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے بھارت سے سیریز کھیلنے کے لئے ہاتھ پاوٴں مارنا شروع کردیئے ہیں۔

ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان سیریز نہ ہونے کی صورت میں قومی ٹیم چئمپئنز ٹرافی کے لئے کوالفیفائی کرلے گی تاہم اگر دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ہوئی اور ویسٹ انڈیز نے 2 میچز میں فتح اپنے نام کی تو پاکستان کی شرکت مشکوک ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

بنگلادیش کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ عالمی رینکنگ میں ساتویں پوزیشن سنبھالنے میں کامیاب ہوئی ہے اور ساتھ ہی چیمپئنزٹرافی کے لئے بھی کوالفیائی کرچکی ہے۔

پاکستان سے سیریز میں ناکامی کے بعد سری لنکا کی رینکنگ میں 3 درجے تنزلی ہوئی تاہم وہ 103 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پربرقرارہے جب کہ رینکنگ میں آسٹریلیا پہلے، بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، جنوبی افریقا چوتھے اور انگلینڈ چھٹے نمبر پر ہے۔ ایک روزہ میچز میں 10 بہترین بلے بازوں میں کوئی پاکستانی بیٹسمین شامل نہیں جب کہ بولنگ کے شعبے میں سعید اجمل کرکٹ سے دوری کے باوجود آٹھویں پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں، اسی طرح بولنگ کرانے پر ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنے والے محمد حفیظ 5 بہترین آلراوٴنڈرز میں چوتھے نمبر پر ہیں۔