قائد اعظم ریزیڈنسی بحالی کے 15ماہ بعد بھی عوام کیلئے کھولی نہیں جاسکی ، ریذیڈنسی 15جون 2013 کو دہشت گردی کے واقعے میں تباہ ہوگئی تھی

منگل 28 جولائی 2015 09:27

زیارت( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جولائی۔2015ء)زیارت میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی رہائش گاہ قائد اعظم ریذیڈنسی بحالی کے 15ماہ بعد بھی عوام کے لئے کھولی نہیں جاسکی ہے۔ بلوچستان کے پرفضا مقام زیارت میں واقع قائداعظم ریذیڈنسی 15جون 2013 کو دہشت گردی کے واقعے میں تباہ ہوگئی تھی۔ صوبائی حکومت نے چھ کروڑ روپے کی لاگت سے بحالی کا کام گذشتہ سال جون میں مکمل کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے گذشتہ سال چودہ اگست کو ایک تقریب میں قائد اعظم ریذیڈنسی کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا ،تاہم حیران کن بات ہے کہ بحالی کے تقریبا 15ماہ اور افتتاح کے ایک سال بعد بھی یہ عوام کیلئے کھولی نہیں جاسکی ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے زیارت آنیوالے سیاح یہ تاریخی عمارت دیکھنے سے محروم ہیں اور عمارت کے بیرونی گیٹ پر حسرت و یاس کی تصویر بنے دکھائی دیتے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمارت کی تعمیرو مرمت کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا ،تاہم دوسری جانب یہ بھی حقیقت ہے کہ تعلقات اور سفارش کی بنیاد پر مخصوص لوگوں کو نہ صرف قائد اعظم ریذیڈنسی میں جانے بلکہ وہاں گھومنے پھرنے کی اجازت بھی دی جارہی ہے

متعلقہ عنوان :