ظہیر عباس ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے متحرک ، بطور آئی سی سی صدر دیگرممالک کو پاکستان کادورہ کرنے پر رضا مند کروں گا ، ظہیر عباس ، ایک وقت آئیگا کہ پڑوسی ممالک پاکستان کھیلنے کیلئے آئینگے ، ہم نے سری لنکا کا برے وقت میں ساتھ دیا ، اب سری لنکا کو پاکستان آنا چاہیے ،ہمارا کام کرکٹ کو دنیا بھر میں پھیلانا ہے اور اسی لئے ہمارے پاس نئی اراکین ہیں اور ہم ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، آئی سی سی صدر

منگل 28 جولائی 2015 08:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جولائی۔2015ء) آئی سی سی صدر اور سابق پاکستانی کرکٹر ظہیر عباس نے بطور صدر ملک میں کرکٹ کی بحالی کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ بطور صدر دیگر ممالک کو پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے رضامند کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ سری لنکن ٹیم بھی آئندہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔

زمبابوین ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔2009میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے کسی بھی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا رخ نہیں کیا ہے۔ اس وقت بھی سری لنکن ٹیم ملک میں کرکٹ کی رونقیں بحال کرنے کیلئے ہی آئی تھی اور اب اس برس زمبابوین ٹیم بھی پاکستان میں کرکٹ سرگرمیوں کی بحالی میں مدد دینے کیلئے آئی تھے۔

(جاری ہے)

اس بارے میں بات چیت کرتے ہوئے ظہیر عباس نے کہا ہے کہ ایک وقت آئے گا جب ہمارے پڑوسی ہمارے ہاں آئیں گے۔

مجھے خصوصاً امید ہے کہ سری لنکا کو پاکستان آنا چاہئے۔ ہم ہر شعبے میں ایک دوسرے کے بہت قریب رہے ہیں۔ اگر ان کی جانب سے کوئی اشارہ دیا گیا تو مجھے بے حد خوشی ہوگی۔ میں کھلے عام اس پر بات نہیں کرسکتا لیکن میں امید کرتا ہوں کہ بطور کرکٹر آئی سی سی اراکین میری بات توجہ سے سنیں گے۔ زمبابوے کی آمد خوش آئند ہے لیکن صرف پاکستان ہی وہ ملک کیوں ہے جہاں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی جارہی۔

جس وقت سری لنکنز برے دور سے گزر رہے تھے، اس وقت ہم وہاں جا کے کھیلا کرتے تھے۔ اب آپ کو پاکستان میں کرکٹ کو نہیں مرنے دینا چاہئے۔ ہمارا کام کرکٹ کو دنیا بھر میں پھیلانا ہے اور اسی لئے ہمارے پاس نئی اراکین ہیں اور ہم ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ظہیر عباس بطور آئی سی سی صدر سری لنکن کرکٹ کی نگرانی کرنے والے عبوری کمیٹی کی دعوت پر دورہ سری لنکا میں مصروف ہیں۔