دبئی ٹیسٹ کا دوسرا دن ، گرین شرٹس 378رنز بنا کر آؤٹ ، انگلینڈ نے 3وکٹوں پر 182رنز بنا لئے ، برتری ختم کرنے کیلئے مزید 196رنز درکار ،جے روٹ اور کپتان الیسٹرکک نے انگلش ٹیم کی لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دیا ،کک 65رنز بنا کر آؤٹ ، جے روٹ 76رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں

ہفتہ 24 اکتوبر 2015 09:03

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اکتوبر۔2015ء) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز گرین شرٹس 378رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، جواب میں انگلینڈ نے 3وکٹوں کے نقصان پر 182رنز بنا لئے اس کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 196رنز درکار ہیں ، ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان الیسٹر کک اور جے روٹ کی عمدہ بیٹنگ ، کپتان الیسٹرکک 65رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے ، جے روٹ76رنز بنا کر ناٹ آؤٹ کریز پر موجود ہیں ان کا ساتھ دینے کیلئے جونی بریسٹو 27رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں ، معین علی 1، ائن بیل 4رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض ، یاسر شاہ اور عمران خان جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر282 رنز سے پاکستان نے اننگز شروع کی تو مصباح الحق آتے ہی آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے102 رنز بنائے۔ اسد شفیق اور سرفراز احمد کے درمیان باون رنز کی پارٹنر شپ ہوئی مگر پھر سرفراز احمد بھی 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد پاکستانی بولرز انگلش بولنگ کا مقابلہ نہ کر سکے اور پوری ٹیم 378 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

وہاب ریاض 6 رنز بنا کر معین علی کا شکار ہوئے اور دونوں کا کیچ اینڈرسن نے پکڑا۔ یاسر شاہ نے 16 رن بنائے جنھیں رشید نے آوٴٹ کیا اور بابر کو3 رن پر وڈ نے آوٴٹ کیا۔دوسرے روز پاکستان کی آخری وکٹ شفیق کی گری جنھوں نے 83 رن بنائے، ان کا کیچ مارک وڈ کی گیند پر جو روٹ نے پکڑا۔پہلے روز مصباح الحق نے اپنی نویں ٹیسٹ سنچری پانچ چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے مکمل کی تھی۔

انھوں نے کسی پاکستانی کپتان کی سب سے زیادہ سات سنچریوں کا انضمام الحق کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔اس کے علاوہ اسی اننگز کے دوران وہ پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں مدثر نذر کو پیچھے چھوڑ کر ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور مارک ووڈ نے 3،3 جب کہ جیمس انڈریسن، عادل رشید، اسٹارٹ براڈ اور بین اسٹوک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو 5رنز پر پہلی وکٹ گر گئی جب معین علی 1رن بنا کر وہاب ریاض کی بال پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ ہوگئے 14کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی دوسری وکٹ گر گئی جب بیل 4رنز بنا کر عمران خان کی بال پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ ہوئے ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان الیسٹر کک اور جے روٹ کی عمدہ بیٹنگ ، کپتان الیسٹرکک 65رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے ، جے روٹ76رنز بنا کر ناٹ آؤٹ کریز پر موجود ہیں ان کا ساتھ دینے کیلئے جونی بریسٹو 27رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض ، یاسر شاہ اور عمران خان جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی انگلینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 196رنز درکار ہیں اور اس کی سات وکٹیں باقی ہیں ۔