سپریم کورٹ ، ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے از خود نوٹس کی سماعت، کراچی پولیس کے ایڈیشنل آئی جی کی رپورٹ مسترد ،برہمی کا اظہار ،2000 ء سے اب تک ٹارگٹ کلنگ کے اے کلاس کے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے،عدالتی حکم

ہفتہ 24 اکتوبر 2015 09:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اکتوبر۔2015ء)سپریم کورٹ نے ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے از خود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے کراچی پولیس کے ایڈیشنل آئی جی کی طرف سے پیش کردہ رپورٹ مسترد کر دی اور برہمی کا اظہار کیا ۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق مجرموں کا سراغ نہیں لگایا جا سکا جبکہ جسٹس امیر مسلم ہانی نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے سینکڑوں مقدمات ایسے ہیں جن کو اے کلاس میں شامل کیا گیا لیکن دوسرے ہی دن وہ فائلیں بند کر دی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ ریمارکس سپریم کورٹ کی کراچی رجسٹری میں جمعرات کے روز ٹارگٹ کلنگ پر ازخود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے دیئے ۔ اس سے قبل کراچی کی وکلاء برادری کی طرف سے درخواست دی گئی تھی کہ وکلاء کو تحفظ دیا جائے اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے ۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل آئی جی نے رپورٹ پیش کی جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نامکمل رپورٹ کیوں پیش کی گئی ۔ عدالت نے حکم دیا کہ 2000 ء سے اب تک ہونے والے ٹارگٹ کلنگ کے اے کلاس کے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے ۔