سپین میں بھارت کیخلاف مظاہرہ ، کشمیر کی آزادی ،خالصتان کے قیام اور مودی مخالف نعرے

ہفتہ 24 اکتوبر 2015 09:29

بارسلونا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اکتوبر۔2015ء ) سپین میں بھارتی وزیر اور سابق آرمی چیف وی کے سنگھ کے بیان کیخلاف پاکستانی ،کشمیری اور سکھ برادری نے بھارتی قونصلیٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔تفصیلات کے مطابق بھارت میں بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دنیا بھر میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اسپین میں بھی پاکستانی ،کشمیری اور سکھ برادری کے افراد نے بھارتی قونصلیٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیااس موقع پر مظاہرین نے بھارتی وزیر کی جانب سے دلت بچوں کے لیئے نامناسب الفاظ کے استعمال کی شدید مذمت کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور مودی حکومت ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔مظاہرین نے کہا کہ سکھوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی سے بھارتی انتہاپسند چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔اس موقع پر مظاہرین نے کشمیر کی آزادی ،خالصتان کے قیام اور مودی سرکار کے ظلم کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لندن میں بھی بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا تھا جس میں متعددافراد زخمی و گرفتار ہو گئے تھے۔