پولیو کے خاتمے کی جنگ میں ہم منزل پر پہنچنے والے ہیں ، وہ دن دور نہیں جب ملک کا کوئی بھی بچہ پولیو سے متاثر نہیں ہوگا ، آصفہ بھٹو

ہفتہ 24 اکتوبر 2015 09:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اکتوبر۔2015ء)شہید بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کی جنگ میں ہم منزل پر پہنچنے والے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ہمارے ملک کا کوئی بھی بچہ پولیو سے متاثر نہیں ہوگا اور پاکستان کو پولیو فری ملک قرار دیا جائے گا، آج پولیو کے عالمی دن کے موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ میری ماں شہید بینظیر بھٹو کا یہ خواب تھا کہ ویکسین سے تحفظ ملنے والی بیماریوں کی وجہ سے کوئی بھی بچہ معذور نہ ہو، اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ اس خواب کو تعبیر دیں، آصفہ بھٹو زرداری نے پولیو کے خاتمے کی جدوجہد میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو سرہاتے ہوئے مزید کہا کہ سخت محنت اور کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ 2014میں 300پولیوسے متاثرکیس تھے جبکہ 2015میں وہ کم ہوکر فقط 38کیس رہ گئے ہیں، حالانکہ یہ اعداد بھی زیادہ ہیں اس لیے ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہر 5سال سے کم عمر بچے کو پولیو ویکسین کے دو قطرے ضرور پلائے جائیں اور جو بچے یہ قطرے پینے سے محروم رہ گئے ہیں انہیں بھی اس مہم کا حصہ بنایا جائے، آصفہ بھٹو زرداری نے سندھ میں جنوری 2105میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے قیام پر مبارکباد دیتے ہوئے اس سینٹر کی کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ اس سینٹر نے پولیو کے خاتمے کی تمام سرگرمیوں کے حوالے سے منصوبہ بندی، رابطہ کاری اور نگرانی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس بات کا بھی اعتماد ظاہر کیا ہے کہیہ سینٹر پولیو کے وائرس کو مزید پھیلنے سے بھی روکے گا، آصفہ بھٹو زرداری نے پولیو ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے انتہائی مشکل حالات میں بھی پاکستان کے بچوں کے تحفظ کے لیے انتھک محنت کی ہے،انہوں نے کہا کہ میں پولیو کے خاتمے کی جدوجہد میں مصروف ان پولیو ورکرز کو سلام پیش کرتیب ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ مسلسل تعاون کرنے پر ڈبلیو ایچ او،یونیسیف، دی گیٹس فاؤنڈیشن، روٹری انٹرنیشنل، یو اے ای اور دیگر کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں، آصفہ بھٹو زرداری نے تمام والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے آئیں اور اپنے بچوں کو معذور بنانے والی بیماری سے بچائیں، اپنے بچوں سے ان کا وہ مستقبل نہ چھینیں جس کا وہ حقدار ہیں،انہیں موقعہ دیں اور پولیو سے بچاؤ کے ویکسین پلائیں۔

متعلقہ عنوان :