یاسر شاہ اور شاہد آفریدی بنگلہ دیش پریمئر لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل

ہفتہ 24 اکتوبر 2015 09:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اکتوبر۔2015ء)پاکستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ اور شاہد آفریدی بنگلہ دیش پریمئر لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔22نومبر سے شروع ہونے والی بی پی ایل کے تیسرے سیزن میں شامل چھ ٹیموں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے 53 کھلاڑیوں کے نام دیے گئے تھے جن میں سے سولہ کھلاڑیوں کو لیگ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

یاسر شاہ نے بی پی ایل کے نئے سیزن کے لیے ڈھاکا ڈائینامائیٹس سے معاہدہ کیا ہے اور وہ قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کے ساتھ لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ڈھاکا کی ٹیم میں سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکاراکے علاوہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولرمحمد عرفان، سہیل خان، اوپنرشاہ زیب حسن اور ناصر جمشید بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

فاسٹ بولر وہاب ریاض رانگپور رائیڈرز کی نمائندگی کریں گے جس میں سری لنکا کے تلکارتنے دلشان، پریرا اور ویسٹ انڈیز کے سمنز کے علاوہ افغانستان کے کپتان محمد نبی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے ۔

شاہد آفریدی اور سہیل تنویر سلہٹ سپراسٹارز کاحصہ ہیں جہاں نمایاں کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے روی بوپارااورآسٹریلیاکے بریڈ ہوگ اور سری لنکا کے اجنتھا مینڈس جیسے نام موجود ہیں۔فاسٹ بولر محمد عامر پہلے ہی چٹاگانگ ویکنگز سے معاہدہ کرچکے ہیں جس میں پاکستان ٹیم کے مایہ ناز اسپنر سعید اجمل، مڈل آڈر بلے باز عمراکمل اور ان کے بھائی کامران اکمل کو چنا گیا ہے۔

نوجوان آل راوٴنڈرعماد وسیم اور محمد سمیع بریسال بلز کا حصہ ہیں جس نے کرس گیل اور برینڈن ٹیلر جیسے مشہور کھلاڑی سے بھی معائدہ کیا ہے۔سابق پاکستانی کپتان شعیب ملک اور احمد شہزاد کو کمیلا وکٹوریا نے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے. اس ٹیم میں ویسٹ انڈیز کے مارلن سیموئلز اور سری لنکاکے کلاسیکرا کے علاوہ کوئی بڑا نام شامل نہیں۔

متعلقہ عنوان :