پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا کی ڈے اینڈ ٹائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی پیشکش میں دلچسپی ظاہر کردی ،پاکستان کرکٹ بورڈ آسٹریلیا کے دورے میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے جامع رپورٹ ترتیب دے گا، قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں گلابی رنگ کی گیند کے استعمال پر بھی بحث کی جائے گی، کھلاڑیوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا ،ہمیں پی سی بی چیئرمین سے ہدایات ملی ہیں کہ کرکٹ آسٹریلیا کی پیش کش کو دیکھا جائے اس پر ورک کیا جائے ، پی سی بی کرکٹ کمیٹی چیئرمین ،پی سی بی نے 11-2010 کی قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں نارنجی اور 12-2011 کے فائنل میں گلابی رنگ کی گیند سے کھیلنے کا تجربہ کیا تھا جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے تھے

جمعہ 13 نومبر 2015 07:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13نومبر۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڑ (پی سی بی) نے کرکٹ آسٹریلیا کی دسمبر 2016 میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی پیش کش کو قبول کرنے میں دلچسپی ظاہر کردی ہے لیکن حتمی فیصلے سے قبل کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیاجائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڑ آسٹریلیا کے دورے میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے جامع رپورٹ ترتیب دے گا جبکہ قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں گلابی رنگ کی گیند کے استعمال پر بھی بحث کی جائے گی۔

پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین شکیل شیخ نے کہا کہ"ہمیں پی سی بی چیئرمین سے ہدایات ملی ہیں کہ کرکٹ آسٹریلیا کی پیش کش کو دیکھا جائے"۔ان کاکہناتھا کہ " گلابی گیند پر تفصیلی بات ہوئی ہے اور ہم نے ہر پہلو کا جائز ہ لیا ہے، مصباح الحق سمیت کچھ کھلاڑیوں نے اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے اور ہم ان کی تجاویز کو شامل کرنے کے لیے انھیں اعتماد میں لیں گے"۔

(جاری ہے)

کرکٹ آسٹریلیا نے پی سی بی کی سہولت کے لیے27 نومبر کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے ڈے اینڈ نائٹ میچ کی تفصیلات دعوت نامے کے ساتھ ارسال کی تھیں لیکن اس وقت اس پیش کش کو پی سی بی حکام کے ایشین کرکٹ کونسل میں مصروفیت کے باعث قبول نہیں کیا گیاتھا۔شکیل شیخ کا کہنا تھا کہ'ہماری معلومات کے مطابق گیند کا معیار بہتر ہوا ہے اور بڑے سطح کی کرکٹ کے لیے موزوں ہے اور ہمیں رنگین گیند استعمال کرنے کا تجربہ بھی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ"ہم آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کو دیکھنے کے لیے کسی کو مبصر کے طور پر بھیجنا چاہتے ہیں لیکن قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں گلابی رنگ کی گیند سے کھیلنے کی تجویز پربحث ہورہی ہے "۔پاکستان نے دوسال قبل سری لنکا کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں فلڈ لائٹ میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی تیاری کی تھی لیکن وہ منصوبہ سری لنکا کرکٹ بورڑ کی وجہ سے ناکام ہوا تھا۔پی سی بی نے 11-2010 کی قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں نارنجی اور 12-2011 کے فائنل میں گلابی رنگ کی گیند سے کھیلنے کا تجربہ کیا تھا جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے تھے۔