چاند نظرنہیں آیا ، یکم صفر المظفرہفتہ14نومبر کوہوگی،مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

جمعہ 13 نومبر 2015 08:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13نومبر۔2015ء)مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ صفر المظفر1437ئھ کا چاند نظرنہیں آیا ، یکم صفر المظفرہفتہ14نومبر کوہوگی ۔ قبل ازیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں منعقدہوا۔اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیرمین مفتی منیب الرحمن زونل رویتِ ہلال کمیٹی اسلام آبادسے مولانا ضیاء اللہ ،مولانا ضمیر احمد ساجد ،مولانا محمد اشفاق ،مولانا عبدالعزیز حنیف،مولانا احمد حسن ، علامہ سجاد حسین نقوی نے شرکت کی اور ڈائرکٹر جنرل مذہبی اُمور نورسلام شاہ ، جوائنٹ سیکریٹری وفاقی وزارتِ مذہبی اُمور عالم زیب خان نے اہتمام اور رابطہ کار کے فرائض انجام دیئے۔

(جاری ہے)

محکمہٴ موسمیات کے ڈپٹی ڈائرکٹر محمد افضل نے اجلاس کے انعقاد کے لئے انتظامی سہولتیں فراہم کیں ۔ اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز پر منعقد ہوئے ۔ ملک بھر میں بعض مقامات پر مطلع ابر آلود تھا ،کہیں کہیں بارش بھی ہورہی تھی اور چند جگہ پر مطلع صاف تھا ۔کسی بھی جگہ سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ۔محکمہٴ موسمیات کے تمام اسٹیشنز سے عدمِ رویت کی رپورٹ ملی ،لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیاگیاکہ 14نومبر بروزہفتہ یکم صفر المظفر1437ء ھ ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :