لاہور، سانحہ ماڈل ٹاون کیس میں نامزد عوامی تحریک کے 41 کا رکنوں کی ضمانتیں منظور

منگل 17 نومبر 2015 07:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17نومبر۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاون کیس میں نامزد عوامی تحریک کے 41 کا رکنوں کی ضمانتیں منظور کر لی ہیں۔ انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت کے جج خواجہ ظفر اقبال نے کیس کی سماعت کی۔ملزمان کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ مقدمے میں نامزد اصل ملزمان اور سیاسی شخصیات کو بچانے کے لئے عوامی تحریک کے کارکنوں کوبلاجواز مقدمے میں نامزد کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس کی مدعیت میں درج ہونے والی پہلی ایف آئی آر میں بھی عدالت ملزمان کی ضمانتیں منظور کر چکی ہے لہذا اس مقدمے میں بھی ضمانتیں منظور کی جائیں۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے سانحہ ماڈل ٹاون کی انکوائری کی اور عوامی تحریک کے اکیالیس کارکنوں کو مقدمے میں نامزد کرنے کی سفارش کی جس پر انکو مقدمے میں شامل کیا گیا لہذا ملزمان کی ضمانتیں منظور نہ کی جائیں۔

فاضل عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعدعوامی تحریک کے41 کارکنوں کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدائت کی ہے۔یاد رہے کہ ماڈل ٹاؤن میں 14 نہتے شہریوں کو قتل کیا گیا ہے جن کے قاتلوں کا ابھی تک سراغ نہیں لگ سکا۔

متعلقہ عنوان :