بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی سبقت،مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدواروں کو اپنے حریفوں پر سبقت حاصل ہونے کا واضح امکان،خانیوال میں (ن)کے149‘ پی ٹی آئی کے 122‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں (ن)لیگ کے 73اور پی ٹی آئی کے 52امیدوار میدان میں،ساہیوال‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ چنیوٹ‘ میانوالی‘ شیخوپورہ ‘ حافظ آباد‘ منڈی بہاؤالدین میں ن لیگ کے امیدوارانتخابی دوڑ میں آگے،سرگودھا میں (ن)لیگ کے 722 اور پی ٹی آئی کے 439‘ اٹک میں (ن)لیگ کے 972 اور پی ٹی آئی کے 270امیدواربرسرپیکار،جہلم میں (ن)لیگ 95 فیصد نشستیں حاصل کرنے کی پوزیشن میں آ گئیں‘ سرگودھا میں(ن)لیگ کو60فیصد ووٹروں کی حمایت ملنے کا امکان،شہروں اور دیہات میں (ن)لیگ کی طرف ووٹرز کا واضح رحجان‘ رائے عامہ ‘ سماجی وسیاسی حلقوں اور آزاد میڈیا کے تجزیئے

منگل 17 نومبر 2015 07:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17نومبر۔2015ء) رائے عامہ کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو سبقت حاصل ہے۔ 19 نومبر کو پنجاب کے 12 اضلاع بشمول سرگودھا‘ میانوالی‘ جہلم‘ شیخوپورہ‘ خانیوال‘ ساہیوال‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ چنیوٹ‘ گوجرانوالہ‘ حافظ آباد‘ منڈی بہاؤالدین اور اٹک میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے۔

آزاد میڈیا کے تجزیوں اور رائے عامہ کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدواروں کو اپنے حریفوں پر سبقت حاصل ہونے کے واضح امکانات موجود ہیں۔ شہروں اور دیہات میں عوام کا رحجان واضح طور پر مسلم لیگ (ن) کی طرف دیکھا جا سکتا ہے۔ضلع خانیوال میں چیئرمین‘ وائس چیئرمین اور دیگر امیدواروں کے انتخابات کے لئے مسلم لیگ (ن) کے 149‘ پی ٹی آئی کے 122 ‘ پی پی پی کے 15‘ جماعت اسلامی کے 7 اور عوامی تحریک کے 7امیدوار ہیں۔

(جاری ہے)

خانیوال میں مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدواروں کی واضح برتری کی توقع کی جا رہی ہے۔اسی طرح ساہیوال کے شہری اور دیہاتی حلقوں میں بھی حکومتی جماعت کے امیدوار بھاری اکثریت حاصل کرنے کے دعویدار ہیں۔ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چیئرمین کے لئے مسلم لیگ(ن) کے 73امیدوار اور پی ٹی آئی کے 52امیدوار بلدیاتی اکھاڑے میں اتر چکے ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی مسلم لیگ(ن) کی پوزیشن مستحکم نظر آ رہی ہے۔

چنیوٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے حمایت یافتہ امیدوارانتخابی برتری حاصل کر رہے ہیں۔ سرگودھا میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے 722امیدوار جبکہ تحریک انصاف کے 439 امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں۔ آزاد میڈیا کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو 60فیصد سے زائد ووٹروں کی حمایت حاصل ہے۔ میانوالی میں بھی مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی پوزیشن بہتر بتائی جاتی ہے۔ شیخوپورہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ ہولڈر اور حمایت یافتہ امیدوار انتخابی دوڑ میں آگے نظر آتے ہیں۔

سیاسی‘ صحافتی اور عوامی حلقوں کے مطابق ضلع گوجرانوالہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی متوقع ہے۔ ضلع حافظ آباد میں بھی مسلم لیگ(ن) واضح برتری حاصل کر سکتی ہے۔ منڈی بہاؤالدین میں غیرجانبدار تجزیہ کاروں کی رائے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) لیڈ حاصل کرے گی۔ اٹک میں مسلم لیگ(ن) کے 372‘ پی ٹی آئی کے 270 امیدوار میدان میں ہیں۔ جہلم میں مسلم لیگ (ن) کے 183 اور پی ٹی آئی کے 154امیدوار انتخابی اکھاڑے میں اتر چکے ہیں۔ آزاد ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) 95 فیصد سے زائدنشستیں حاصل کر سکتی ہے۔