وزیراعلیٰ پنجاب سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات،عوام کی بے لوث خدمت مسلم لیگ (ن) حکومت کا مشن ہے،پاکستان سے بجلی کے اندھیر ے دور کر کے دم لیں گے،شہبازشریف

منگل 17 نومبر 2015 07:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17نومبر۔2015ء) زیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی بے لوث خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا مشن ہے۔توانائی بحران کے خاتمے کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں اڑھائی برس کے دوران تیز رفتاری سے سنجیدہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ 2017ء کے اختتام تک توانائی کے متعدد منصوبے مکمل ہوں گے۔ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔

حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے شبانہ روز کاوشیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔توانائی بحران ختم کر کے ہی غربت ،بے روزگاری اوردہشت گردی جیسے مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت توانائی بحران کے خاتمے کیلئے دن رات ایک کیے ہوئے ہے ۔

(جاری ہے)

انشاء اللہ پاکستان سے بجلی کے اندھیر ے دور کر کے دم لیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہاراراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج ان سے ملاقات کی۔ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی سردار محمد امجد فاروق خان کھوسہ ، اسفن یاربھنڈارا،ایم پی اے نعیم اختر خان بھابھہ،علی عباس اورشیخ علاوٴالدین شامل تھے ۔اس موقع پر ایم پی اے منشاء اللہ بٹ بھی موجود تھے ۔