رحیم یارخان سے گم ہونے والاپچیس سالہ نوجوان ایک سال بعد بھکاریوں کے نرغے سے برآ مد ،پولیس نے مغوی کی والدہ کو بلوا کر بیٹا اس کے حوالے کر دیا ،اور بھکاریوں کو چھوڑدیا

منگل 17 نومبر 2015 07:39

کامونکے (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17نومبر۔2015ء) رحیم یارخان سے گم ہونے والاپچیس سالہ نوجوان ایک سال بعد بھکاریوں کے نرغے سے برآ مد کر لیا گیا ۔مغوی کامونکے مین بازار میں بھیک مانگ رہا تھا کہ اس کے گاؤں کے ایک شخص نے اسے شناخت کر لیا ۔پولیس نے مغوی کی والدہ کو بلوا کر بیٹا اس کے حوالے کر دیا ،اور بھکاریوں کو چھوڑدیا ۔بتا یا گیا ہے کہ رحیم یار خان کے علاقہ خان پورپٹوراں کی منظوراں بی بی کے سات بچے معذور ہیں ،ایک سال قبل وہ اپنے بیٹے رمضان علی کو لیکر بازار گئی تووہ گم ہو گیا ۔

منظوراں بی بی اسے تلاش کرتی رہی لیکن وہ نہیں ملا ۔اس کے گاؤں کا ایک شخص کامونکے غلہ منڈی میں مزدوری کے لیے آیا ہوا تو اسکی نظر بھیک مانگتے رمضان علی پر پڑی ۔اس نے فوراً اسے قابو کیا تو اس سے بھیک منگوانے والے بھی پہنچ گئے ۔

(جاری ہے)

پولیس نے اطلاع ملنے پر بھکاریوں کو حراست میں لے لیا اور اسکی والدہ کو اطلاع کردی ،منظوراں بی بی نے جب تھانہ سٹی میں اپنے بیٹے کو دیکھا تو ماں بیٹے کی ملاقات کے جذباتی منظر نے سب کو رلادیا ۔

منظوراں نے بتایا کہ اس کے ساتوں بچے معذوز ہیں ۔علی حسن نے بتایا کہ وہ شکار پور کے رہنے والے ہیں اور گوجرانوالہ میں رہ کر بھیک مانگتے ہیں انہیں رمضان علی سردی میں ٹھٹھرتا ملا تھا ۔جس کے بعد انہوں نے اسے اپنے پاس رکھ لیا ۔اور اس سے بھیک منگواتے رہے ۔پولیس نے اس کے بیٹے کو اس کے حوالے کردیا۔

متعلقہ عنوان :