وزیراعلیٰ شہبازشریف رات گئے تک امن عامہ کی صورتحال کی خود نگرانی کرتے رہے، کابینہ کمیٹی کو بلدیاتی انتخابات والے 12 اضلاع میں پرامن فضا برقرار رکھنے کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں

جمعہ 20 نومبر 2015 09:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں صوبے کے 12اضلاع میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی رات گئے تک خود نگرانی کرتے رہے اوروزیراعلیٰ نے اس ضمن میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کوضروری ہدایات بھی جاری کیں تاکہ پرامن ماحول میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ خوش اسلوبی سے سرانجام پہنچے۔

وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی کوبلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنانے، اسلحہ کی نمائش او راسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے ہدایات دیں اوروزیراعلیٰ نے فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن لینے اورخلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کیں اورکابینہ کمیٹی کو صوبے میں قانون اور انصاف کی عملداری کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے کا کہا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے واضح طورپرہدایات دیتے ہوئے کہا کہ میں جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کروں گااورہوائی فائرنگ کے واقعات کی روک تھام کیلئے پولیس اور انتظامیہ پیشگی انتظامات اٹھائے۔ وزیراعلیٰ نے ہوائی فائرنگ پر جیتنے والے امیدوار اور اس کے حامیوں کیخلاف بلاامتیازکارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ اس ضمن میں رات گئے تک مصروف رہے۔