باہر نکلے تو گرفتار کرلیں گے، حساس اداروں کی مولانا عبدالعزیز کو وارننگ،سیکورٹی اداروں کے مولانا عبدالعزیز اور اہلیہ ام حسان کی نقل حرکت پر گہری نظر، اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل،نماز جمعہ کے موقع پر مولانا عبدالعزیزکی جانب سے ممکنہ ردعمل کا خدشہ،پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری طلب ،300پولیس اہلکاروں سمیت ،100لیڈی پولیس ،کمانڈوز سمیت رینجرز کے خصوصی دستے تعینات ہونگے

جمعہ 20 نومبر 2015 09:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20نومبر۔2015ء) وفاقی دارالحکومت میں نفاذ شریعت کے لیے متحرک جامع لال مسجد کے امیر مولانا عبدالعزیز آج جمعہ لال مسجد میں نہیں پڑھائیں گے ،اگر باہر نکلے تو گرفتار کرلیا جائے گا حساس اداروں نے مولانا عبدالعزیز کو وارننگ جاری کردی ۔ آن لائن ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ہدایات کے بعد لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز اور اہلیہ ام حسان کی نقل حرکت پر گہری نظر رکھی جارہی ہے تاہم سیکورٹی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے وہ کسی بھی قسم کے تصادم سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کریں اس مقصد کے لیے ایس ایس پی آپریشنز ،ایس پی انوسٹی گیشن ،اسپیشل برانچ اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے ۔

آن لائن ذرائع کے مطابق لال مسجد کے امیر مولانا عبدالعزیزکو وفاقی دارالحکومت میں نفاذ شریعت کے لیے تحریک کے اعلان کے بعد گزشتہ جمعة المبارک کو نقاب پوش ڈنڈا اور اسلحہ برداروں کی ریلی کے ہمراہ سیکٹرجی سکس سے باہر آئے تھے جس سے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اعلی ٰ افسران کی جانب سے بات چیت کے بعد مولانا عبدالعزیز ساتھیوں سمیت منتشر ہوگئے تھے تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہدایات کے بعد مولانا عبدالعزیز آج جمعہ لال مسجد میں نہیں پڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

حساس اداروں کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ اگروہ باہر نکلے تو گرفتار کرلیا جائے گا چونکہ فورتھ شیڈول کے تحت ان کی نقل وحرکت پر پابندی عائد ہے۔ادھروفاقی دارالحکومت میں نماز جمعتہ المبارک کے موقع پر جامع لال مسجد کے خطیب میر مولانا عبدالعزیزکی جانب سے ممکنہ ردعمل کا خدشہ سیکورٹی ڈویثرن نے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری طلب کرلی ،300پولیس اہلکاروں سمیت ،100لیڈی پولیس ،کمانڈوز سمیت رینجرز کے خصوصی دستے طلب کرلیے گئے ہیں جبکہ دیگر میں اسپیشل برانچ اور سیکورٹی اہلکار سادہ کپڑوں میں بھی تعینات ہوں گے ۔

آن لائن ذرائع کے مطابق وفاقی پولیس نے وزارت داخلہ کی جانب سے خصوصی ہدایات کے بعد تھانہ آبپارہ کی حدود میں واقع جامع لال مسجدمیں نماز جمعتہ المبارک کے موقع پر مولانا عبدالعزیزکی جانب سے ممکنہ ردعمل کا خدشہ سیکورٹی ڈویثرن نے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری طلب کرلی ہے ۔تین سو پولیس اہلکاروں سمیت ، سولیڈی پولیس ،کمانڈوز سمیت رینجرز کے خصوصی دستے طلب کرلیے گئے ہیں جبکہ دیگر میں اسپیشل برانچ اور سیکورٹی اہلکار سادہ کپڑوں میں بھی تعینات ہوں گے ۔