کراچی، رینجر ز کا وسیم اخترکی کراچی میئرکے لیے متوقع نامزدگی پر شدیدتحفظات کااظہار، ایم کیوایم کی اعلی قیادت کواپنی ناپسندیدگی پہنچادی ،میئرنامزدکرنے کی صورت میں گرفتار کرنے کا بھی عندیہ

جمعرات 10 دسمبر 2015 09:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10دسمبر۔2015ء) رینجرز نے وسیم اخترکی کراچی میئرکے لیے متوقع نامزدگی پراپنے شدیدتحفظات کااظہار کرتے ہوئے ایم کیوایم کی اعلی قیادت کواپنی ناپسندیدگی پہنچادی ہے،میئرنامزدکرنے کی صورت میں گرفتار کرنے کا بھی عندیہ دے دیا گیا ہے ،انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق رینجرز نے سابق وزیرداخلہ سندھ اورایم کیوایم کے سینئررہنماوسیم اخترکوکراچی کے لئے میئرنامزدکرنے کی صورت میں انہیں گرفتار کرکے ٹرائل کرنے کاپیغام دے دیاہے،ذرائع کے مطابق مبینہ طورپرپیغام سندھ کی ایک اعلی کاروباری شخصیت کے ذریعے لندن میں ایم کیوایم کی اعلی قیادت کوبجھوادیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ رابطہ کمیٹی کی جانب سے ایم کیوایم کے قائد کووسیم اخترنام بطور میئر پیش کیاگیاہے،کیونکہ ایم کیوایم میں موجود قیادت گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے تلخ تجربے سے محتاط ہوچکی ہے اوروہ چاہتی ہے کہ کراچی میں میئرایساہوں جونہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی چیرہ دستیوں کامقابلہ کرسکے بلکہ محلاتی سازشوں کابھی گلاگھونٹ سکے،اس مقصد کے لیے وسیم اختر رابطہ کمیٹی کی پہلی چوائس ہے،ذرائع نے کنفرم کیا ہے کہ رینجرز کی اعلی سطحی افسران کووسیم اختر کی بطورمیئرنامزدگی پرشدیدتحفظات ہیں اوررینجرز نہیں چاہتی کہ کراچی کے میئرکے طورپرایم کیوایم ایساامیدوار نامزدکرے جسے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ڈیلنگ کاتجربہ ہے نیزکسی قسم کے فوجداری مقدمات میں ملوث ہو۔

(جاری ہے)

ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ سندھ کی ایک اعلی کاروباری شخصیت کے ذریعے سے لندن کی قیادت کویہ عندیہ دیاگیا ہے کہ اگرایم کیوایم نے وسیم اختر کوبطورمیئرنامزدکیاتوفوجداری مقدمات میں کسی بھی وقت وسیم اختر کوگرفتار کرکے ٹرائل کیاجاسکتاہے،ایم کیوایم کے ذرائع کے مطابق اگروسیم اختر کانام میئرکی دوڑ سے خارج کیاجاتاہے توپھر ارشدوہرہ کوکراچی کامیئربنایاجاسکتاہے لیکن اس بارے میں حتمی فیصلہ الطاف حسین کرینگے۔

متعلقہ عنوان :