جنوبی افریقی کپتان ہاشم آملہ کی خراب فارم یونس خان کے لئے خوشی کا پیغام لے آئی، پاکستانی اسٹار بیٹسمین ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجہ ترقی سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے،مصباح الحق کی بدستور 11ویں پوزیشن

جمعرات 10 دسمبر 2015 09:06

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10دسمبر۔2015ء) جنوبی افریقی کپتان ہاشم آملہ کی خراب فارم یونس خان کے لئے خوشی کا پیغام لے آئی، پاکستانی اسٹار بیٹسمین ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجہ ترقی سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کی 0-3 سے شکست کی اہم وجہ کپتان ہاشم آملا کا آؤٹ آف فارم ہونا بھی تھا، ان کا بیٹ مکمل طور پرخاموش رہا جس کا نتیجہ رینکنگ میں تنزلی کی صورت میں بر آمد ہوا، ایک درجہ نیچے اترنے کا براہ راست فائدہ یونس خان کو ہوا جو اب ساتویں نمبر پر پہنچ گئے،مصباح الحق کی بدستور 11ویں پوزیشن ہے۔

دہلی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے اجنکیا راہنے 14 درجے کی بڑی جست لگا کر 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے، ویرات کوہلی نے2 درجے ترقی پاکر 14 ویں نمبر تک رسائی پائی،اسد شفیق کی 13 ویں پوزیشن بچ گئی مگر سرفراز احمد کو 2 درجہ خسارے نے 18 ویں نمبر پر پہنچا دیا،اظہر علی ایک درجہ نیچے اتر کر 20 ویں درجے پر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

بولنگ میں یاسر شاہ، جیمزاینڈرسن کے ساتھ تیسری پوزیشن شیئرکررہے ہیں۔

پروٹیز سے سیریز میں تباہ کن بولنگ کرنے والے روی چندرن ایشون اگرچہ دوسرے ہی نمبر پر رہے مگر 15 پوائنٹس کے حصول سے ان کا ٹاپ بولر ڈیل اسٹین سے فاصلہ صرف 4 پوائنٹس کا رہ گیا، بنا کھیلے سعید اجمل 13 ویں نمبر پر ہیں۔روی چندرن ایشون نے اس سیریز میں بیٹنگ کے بھی جوہر دکھائے جس کی وجہ سے انھوں نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سے ٹاپ ٹیسٹ آل راوٴنڈر کا اعزاز چھین لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :