بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کا 24واں اجلاس ، صوبائی حکومتوں میں پالیسی برائے پیداوار بجلی2015ء کے ساتھ کئی دیگر امور پر اتفاق رائے ،بجلی کی تیاری اور محصولات ،قدرتی گیس سے متعلقہ معاملات اور ٹیکسوں پر غور

جمعرات 10 دسمبر 2015 09:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10دسمبر۔2015ء)بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے 24ویں اجلاس میں صوبائی حکومتوں میں پالیسی برائے پیداوار بجلی2015ء کے ساتھ ساتھ کئی دیگر امور پر اتفاق رائے ہوگیا ،اجلاس کے ایجنڈ ا میں بجلی کی تیاری اور محصولات ،قدرتی گیس سے متعلقہ معاملات اور ٹیکسوں پر غور کیا گیا ، حکومت بلوچستان کی طرف سے حج کے ہوشربا اخراجات سے متعلقہ اور ناکافی انتظامات کی دادرسی اور بہبود آبادی پروگرام کو درپیش مالی مشکلات دور کیے جانے سے متعلق امور اٹھائے گئے۔

اجلاس کی صدارت بین الصوبائی رابطہ کے وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیر زادہ نے کی ، انہوں نے متعلقہ وفاقی وزارتوں کو صوبوں کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اور مناسب اقدامات کرنے اور اس ضمن میں صوبوں کو مطمئن کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف اسی صورت میں خوشحال ہوسکتا ہے جب کہ تمام صوبے تمام حل طلب مسائل پر وفاق کے ساتھ متفق ہوں اس لیے تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں کو پالیسی فیصلے کرتے وقت تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لینا چاہیے۔

انہوں نے اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الصوبائی رابطہ کی کمیٹی عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام صوبوں کو مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کا بڑا اچھا موقع دیتی ہے۔ اجلاس کے دوران پالیسی برائے پیداوار بجلی2015ء پر اتفاق رائے ہوگیا اور بجلی کے نر خوں سے متعلقہ مسائل حل کرنے کے لیے وزارت پانی و بجلی کی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسی طرح فیصلہ کیا گیا کہ گیس کے معاملات کی تحقیقات کے لیے وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے وفاقی سیکرٹری محمد علی گردیزی کی صدارت میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی جائے گی۔ اجلاس کے دوران ٹیکسوں کے نفاذ کے حوالہ سے وزارت خزانہ کے نمائندے نے یقین دلایا کہ آئندہ بجٹ میں متعلقہ تبدیلیاں کی جائیں گی۔ بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین میاں ریاض حسین پیر زادہ نے بلوچستان حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کا خصوصی طور پر نوٹس لیا اور کہا کہ بلوچستان کو بہبود آبادی پروگرام کے لیے منظور شدہ پراجیکٹ کے لیے پی سی ون کے مطابق ادائیگیاں کی جائیں گی۔

انہوں نے وزارت مذہبی امور کو صوبائی ضرورتوں کے مطابق حج پالیسی میں ضروری تبدیلیاں لانے پر غور کرنے کی ہدایت بھی کی۔اعلیٰ اختیاراتی اجلاس میں کے پی کے وزیر اعلیٰ، چیف سیکرٹریز، سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریوں ،صوبائی وزراء ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور عبدالرحیم زیارت وال نے بالترتیب پنجاب اور بلوچستان کی نمائندگی کی۔

متعلقہ عنوان :