محمدحفیظ ،اظہرعلی کی محمدعامرسے صلح ہوگئی،سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ عامر نے دونوں سینئر کھلاڑیوں سے اپنی ماضی کی غلطی کی معافی مانگی،شہر یار خان سے ملاقات کے بعد اظہر علی اور محمد حفیظ نے غیر مشروط طور پر تربیتی کیمپ جوائن کرلیا،قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی اور محمد حفیظ نے چیئرمین پی سی بی شہر یار خان اور نجم سیٹھی سے ملاقات کر کے انہیں اپنے موقف سے آگاہ کیا

اتوار 27 دسمبر 2015 09:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27دسمبر۔2015ء)محمدحفیظ اوراظہرعلی کی محمدعامرسے صلح ہوگئی ،نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والی ملاقات میں معافی تلافی ہوگئی۔ ملاقات کے دوران محمد عامر نے دونوں سینئر کھلاڑیوں سے اپنی ماضی کی غلطی کی معافی بھی مانگی جس پر اظہر علی اور محمد حفیظ نے کہا کہ انہیں ذاتی طور پر کوئی شکوہ اور اختلاف نہیں۔اظہرعلی اور محمدحفیظ نے محمد عامر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان سے کسی قسم کا ذاتی اختلاف نہیں۔

ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد محمد حفیظ فاسٹ بولر محمد عامر کے ساتھ کھیلنے پر نیم رضامند ہوگئے ہیں جبکہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا بھی کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں سے معاملات طے پا گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کی ٹیم مینجمنٹ اور دیگر کھلاڑیوں سے میٹنگ ہوئی ہے جس میں محمد حفیظ نے فاسٹ بولر محمد عامر کے ساتھ کھیلنے پر نیم رضامندی ظاہر کردی ہے۔

(جاری ہے)

اس میٹنگ کے دوران محمد حفیظ کی آواز بھر آئی اور ان کا کہنا تھا کہ ان کی عامر سے کوئی لڑائی نہیں ، وہ صرف ملکی وقار کی خاطر عامر کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہتے۔ ادھرچیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہر یار خان سے ملاقات کے بعد سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر کی شمولیت پر تربیتی کیمپ کا بائیکاٹ کرنے والے اظہر علی اور محمد حفیظ نے غیر مشروط طور پر کیمپ کو جوائن کرلیا۔

قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی اور محمد حفیظ نے چیئرمین پی سی بی شہر یار خان اور نجم سیٹھی سے ملاقات کر کے انہیں اپنے موقف سے آگاہ کیا۔تاہم چیئرمین نے انہیں تمام تر صورتحال پر اعتماد میں لیا جس پردونوں کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ جوائن کرنے کی یقین دہانی کر ادی۔ چیئرمین شہر یار خان نے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ یہ کوتاہی ہے کہ کھلاڑیوں کے تحفظات کو ان تک پہنچانے والی کمیٹی نے وقت پر سارے معاملات سے آگاہ نہیں کیا۔

دونوں کھلاڑیوں کا بڑی وضاحت سے موقف سنا ہے، ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں کو بڑے پیار سے سمجھایا کہ وہ ان کی کچھ باتیں مانتے ہیں اور کچھ نہیں مانتے۔عامر کو ابھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا بلکہ صرف کیمپ میں بلایا گیا ہے ،اگر عامر کی سلیکشن ہوجاتی ہے ،تو سب کو یہی کہا ہے کہ وہ اسے اسپورٹ کریں ،اس کا حوصلہ بڑھائیں ،ہم ایک خاندان ہیں،مشکوک نظروں سے کسی کو نہیں دیکھ سکتے۔

عامر کو یہی کہا ہے کہ وہ صراط مسقیم پر چلے، سب اس کا ساتھ دیں گے۔اس کے علاوہ دونوں کھلاڑیوں کے تحفظات کو دور کرلیا گیا ہے، دونوں کھلاڑیوں نے اس پر غیر مشروط رضامندی کا اظہار بھی کیا ہے اور دونوں غیر مشروط پر کیمپ میں شامل ہو رہے ہیں۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ محمد عامر کے ساتھ دونوں کھلاڑیوں کا اختلاف ذاتی نہیں بلکہ اصولی ہے۔

محمد عامر کے حوالے سے حفیظ اور اظہر کا معاملہ ختم سمجھا جائے۔انہوں نے تصدیق کی کہ محمد عامر کے حوالے سے سینئر کھلاڑیوں محمد حفیظ اور اظہر علی کا معاملہ اب ختم سمجھا جائے۔ محمد حفیظ اور اظہر علی کا اختلاف ذاتی نہیں بلکہ اصولی ہے۔ دونوں کھلاڑی بورڈ کی پالیسی کیخلاف نہیں ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید بتایا کہ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹیم کا اعلان 3سے 4روز میں ہو جائیگا۔