پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان رابطے محض اتفاق نہیں تھا،جان کیری

اتوار 24 جنوری 2016 10:45

ڈیووس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24جنوری۔2016ء)امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہاہے کہ ہم پاک بھارت تعلقات کی بہتری کیلئے حوصلہ افزائی کررہے ہیں، پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان رابطے محض اتفاق نہیں،ایران کو ایٹمی ہتھیاربنانے سے روک دیاہے ورنہ وہ چندماہ میں ایٹمی ہتھیاربنانے کے قابل ہوسکتاتھا، کرپشن ایک عالمی مسئلہ ہے،جس کی وجہ سے سالانہ اڑھائی کھرب ڈالر ضائع ہوجاتے ہیں۔

گزشتہ روز یہاں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے جان کیری نے کہاکہ پاکستان اوربھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے ہم دونوں ملکوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں، بھارتی وزیراعظم مودی اورپاکستانی وزیراعظم نوازشریف کے درمیان رابطے اوربات چیت محض اتفاق نہیں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی طاقتوں کے ساتھ ملکر ہم نے ایران کوایٹمی ہتھیاربنانے سے روک دیاہے ورنہ وہ چند ماہ میں اتنایورینیم حاصل کرسکتاتھا جس سے دس سے بارہ ایٹم بم بنائے جاسکتے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے ادارے کے پاس اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ ایران کو روک سکتا اس لئے ہم نے پابندیوں کاراستہ اختیار کیا مگربعد میں عالمی برادری کے ذریعے رابطوں سے اس کی راہ ہموار کی گئی انہوں نے کہاکہ دو سال قبل جب باقاعدہ بات چیت شروع ہوئی توایران چند سالوں میں19ہزارسے زائدسنٹری فیوج تیارکرچکاتھا اورچندماہ میں وہ بھاری پانی کاری ایکٹربنالیتا جس سے وہ ہتھیاربنانے کے قابل پلوٹونیم بھی حاصل کرسکتا ماہرین نے ہمیں بتایا کہ ایران دو ماہ میں ایٹمی ہتھیاربناسکتا ہے لیکن آج ہم نے ایران کو اس راستے پرچلنے سے روک دیا ہے اس کاپلوٹونیم حاصل کرنے کاراستہ بند ہوچکا ہے یورینیم کے ذخائرمیں بھی بڑے پیمانے پرکمی کی گئی ہے اور اس کی افزودگی کی صلاحیت بھی کم ہوگئی ہے اب اسے ایٹم بم بنانے کیلئے ایک سے دس سال کاعرصہ درکارہوگا آئی اے ای اے کے 130انسپکٹر24گھنٹے اس پرنظررکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جب بات چیت شروع ہوئی تو یہ ادارہ ہمارے سوالوں کاجواب نہیں دے سکتاتھا اس لئے پابندیوں کاراستہ اختیار کرناپڑا لیکن آج آئی اے ای اے شفاف اورقابل تصدیق اقدامات کرچکاہے ایرانی ماہرین نے خوداپنی اس صلاحیت کو تقریباً دفن کردیاہے جہاں سے وہ ایٹمی اسلحہ کرسکتے تھے اس کی بعض تنصیبات پردس سال ،بعض پرپندرہ سال ،بعض پربیس سال اوربعض پرپچیس سال تک نظررکھی جائے گی۔

ایران نے اتفاق کیاہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کاراستہ اختیارنہیں کریگا ۔ جان کیری نے کہاکہ کرپشن ایک عالمی مسئلہ ہے جن ملکوں میں حکومتیں کمزوراورکرپٹ ہوں وہاں انتہاپسند سوچ ،لالچ، اختیارات کے حصول کی جنگ اورفرقہ واریت پھیلتی ہے امریکہ اس حوالے سے مختلف ممالک کے ساتھ تعاون کررہاہے تاکہ وہاں احتساب کے نظام کوموثربنایاجاسکے انہوں نے کہاکہ شام میں صدراسد لوگوں کے قانونی حقوق نہیں دے رہاجس کی وجہ سے وہ روزگار اورتعلیم کیلئے سڑکوں پر آچکے ہیں اور جب ان کے والدین پریشان ہوئے تو ان پرمظالم کاسلسلہ شروع کردیاگیا اورانہیں بندوق اورگولی کے ذریعے خاموش کرانے کی کوشش کی گئی بشارالاسد اپنے لوگوں کاقتل عام کررہاہے اوراس نے انسانی تباہی کے ممنوعہ ہتھیار اورکیمیائی گیس بھی حاصل کرلی ہے لیبیااوریمن میں موثرحکومت نہ ہونے کے باعث علاقائی تصادم بڑھ رہاہے کرپشن کیو جہ سے سب سے زیادہ نوجوان متاثر ہورہے ہیں جوتعلیم اوررزگارچاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :