جسٹس میاں ثاقب نثار آج اپنے عہدے کا حلف اٹھاٰئیں گے

2سال اور 18دن چیف جسٹس کے منصب پر فائز رہیں گے، پاکستانی تاریخ کے پہلے وکیل ہیں جو 29مارچ 1997کو وفاقی سیکرٹری قانون تعینات ہوئے

ہفتہ 31 دسمبر 2016 11:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31دسمبر۔2016ء)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پرجسٹس میاں ثاقب نثار آج اپنے عہدے کا حلف اٹھاٰئیں گے۔جسٹس ثاقب نثار 2سال اور 18دن چیف جسٹس کے منصب پر فائز رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 25ویں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار 18جنوری 1954کو پیدا ہوئے۔ انھوں نے 02مئی 1980کو وکالت کا پیشہ اختیار کیا۔ وہ 1991 کو لاہور ہائی کورٹ بار کے سیکرٹری جنرل بھی منتخب ہوئے۔

18سال شعبہ وکالت سے وابستہ رہنے کے بعد 22 مئی 1998 کو ہائی کورٹ کے جج تعینات ہوئے جبکہ 18 فروری 2010 کو سپریم کورٹ میں بطور جج تعینات ہوئے۔۔

(جاری ہے)

جسٹس ثاقب نثار پاکستانی تاریخ کے پہلے وکیل ہیں جو 29مارچ 1997کو وفاقی سیکرٹری قانون تعینات ہوئے۔62سالہ جسٹس ثاقب نثار ضابطہ فوجداری ،ٹیکس اور دستوری قوانین پر عبور رکھتے ہیں۔انہوں نے اکیسویں آئینی ترمیم کے خلاف کیس ، تلور کیس ،فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانیوالے ملزمان کی اپیلوں کی سماعت ، ،ریلوے اراضی، را اور وزیر اعظم کوکابینہ کی منظوری کاپابند کرنے سے متعلق کیس سمیت کئی اہم مقدمات کی سماعت کرنے والے بنچ کا حصہ رہ چکے ہیں۔

جسٹس ثاقب نثار دو سال اور اٹھارہ دن چیف جسٹس کے منصب پر فائز ہونے کے بعد 18جنوری 2019کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :