پارلیمنٹ میں جانے کا کوئی شوق نہیں مگر عوام کے ساتھ ناانصافیوں اور حقوق کی پامالی پر خاموش نہیں رہ سکتا ،آصف علی زرداری

سی پیک ہماری محنت کا نتیجہ ہے ،پاکستان کیلئے اس اہم منصوبے کا فائدہ پورے ملک میں نظر آنے کے بجائے صرف پنجاب میں نظر آرہا ہے،شریک چیئرمین پی پی پی کا مشترکہ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 31 دسمبر 2016 11:15

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31دسمبر۔2016ء)نواب شاہ میں زرداری ہاوٴس میں پی پی رہنماوٴں اور منتخب نمائندوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے کو شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مجھے پارلیمنٹ میں جانے کا کوئی شوق نہیں مگر میں اپنے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں انہیں نظر انداز کرنے اور ان کے حقوق پامال کرنے پر خاموش نہیں رہ سکتا اسی لئے میں پارلیمنٹ میں اپنے عوام کی آواز بننے کیلئے جارہا ہوں۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ہماری محنت کا نتیجہ ہے مگر پاکستان کیلئے اس اہم منصوبے کا فائدہ پورے ملک میں نظر آنے کے بجائے صرف پنجاب میں نظر آرہا ہے اور پنجاب سی پیک کے سارے ثمرات سمیٹ رہا ہے جو سندھ سمیت دیگر صوبوں کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ ایران کی جانب سے گیس پائپ لائن کے منصوبے پر عملدرآمد کرلیا گیا ہے اور پائپ لائن پاکستان کے بارڈر تک پہنچا دی گئی ہے تاہم حکومت کی جانب سے خاموشی اور اس اہم مسئلے کو آگے نہ بڑھانا افسوسناک ہے ۔اس موقع پرایم این اے فریال تالپور، ایم این اے سید غلام مصطفی شاہ سمیت بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور منتخب نمائندے موجود تھے۔