کراچی میں ذاتی مفادات کیلئے نفرت کی سیاست کی گئی،عمران خان

بھتہ خوری اور لسانیت نہ ہوتی تو شہر دبئی سے زیادہ ترقی یافتہ ہوتا،کراچی کا امن بحال ہوا ہے،انسانوں کو تقسیم کرنیوالوں کو شکست دیکر قوم کو متحد کریں گے،چیئرمین پی ٹی آئی

ہفتہ 31 دسمبر 2016 11:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31دسمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں ذاتی مفادات کیلئے نفرت کی سیاست کی گئی۔اگر یہاں پر بھتہ خوری اور لسانیت نہ ہوتی تو یہ شہر دبئی سے زیادہ ترقی یافتہ ہوتا۔کراچی کا امن بحال ہوا ہے ہم یہاں کے مسائل بھی حل کریں گے اورانسانوں کو تقسیم کرنے والوں کو شکست دے کر قوم کو متحد کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لانڈھی میں پاکستان تحری کانصاف کے ممبری سازی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمران خان کا لانڈھی پہنچنے پر کارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔عمران خان نے کہا کہ میں لانڈھی کے نوجوانوں اور بہنوں کو پاکستان تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتا ہوں۔

(جاری ہے)

یہاں پر موجود نوجوانوں کا جذبہ دیدنی ہے اور شہر کی ترقی کی نوید سنارہا ہے۔

ہم یہاں ممبر شپ مہم کا آغاز کررہے ہیں تاکہ آئندہ انتخابات میں سندھ تحریک انصاف شہریوں کی زندگی تبدیل کرسکے۔انہوں نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر تھا اسے خونی شہر بنادیا گیا۔یہاں ذاتی مفادات کے لیے نفرت کی سیاست کی گئی۔اگر یہاں بھتہ خوری اور لسانیت نہ ہوتی تو یہ دبئی سے زیادہ ترقی یافتہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے شہر میں پانی ، تعلیم اور صحت کی سہولتیں موجود نہیں ہیں۔

کراچی کے عوام پورے ملک کے ساتھ ملکر حقوق کی جدوجہد کریں گے۔کراچی کی شناخت اس کے حقوق سے بحال ہوگی۔ہم اس شہر کے حقوق کیلئے جدوجہد کریں گے۔ہمیں یہاں کے نوجوانوں کو روزگار دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کا معاملہ حل ہونے کے بعد میں کراچی کو زیادہ وقت دوں گا اور زیادہ سے زیادہ سے کراچی کے دورے کروں گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو پولیس پر اعتماد نہیں ہے۔

ہم نے جس طرح خیبرپختونخوا کی پولیس کو ٹھیک کیا ہے اسی طرح سندھ پولیس کا قبلہ بھی درست کریں گے۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف لائرز فورم کے وفد نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔عمران خان نے وفد کی ہدایت کی کہ لائرز فورم کو صوبے بھر میں فعال کیا جائے۔وکلاء ملک کی باشعور برادری ہے اور انصاف کے حصول کے لیے ان کا کردار ہراول دستہ کا رہا ہے۔تحریک انصاف لائرز فورم مظلوموں کو ان کا حق دلانے کے لیے آواز بلند کرے۔