ایم این اے ڈاکٹراظہرجدون پر حملہ کرنیوالے زین خان تنولی کو عدالت نے جیل بھیج دیا

لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایاز سلیم رانا کو ڈاکٹر اظہرجدون نے جنازے کے دوران بے عزت کرایا جس کا بدلہ لیا ، زین خان تنولی

ہفتہ 31 دسمبر 2016 10:46

ایبٹ آباد(ٓاُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31دسمبر۔2016ء) ایم این اے ڈاکٹراظہرجدون پر حملہ کرنیوالے زین خان تنولی کو عدالت نے جیل بھیج دیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ جمعرات کے روزجلال باباآڈیٹوریم میں انصاف صحت کارڈ کے اجراء کی تقریب کے دوران لساں نواب مانسہرہ کے رہائشی زین خان تنولی نامی نوجوان نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہرجدون کو تھپڑ ماردیا۔

جس کے بعد ڈاکٹراظہرجدون کے حامیوں نے سٹیج پر ہی نوجوان کی پٹائی کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ زین خان تنولی کاکہناتھاکہ چند روز قبل نواں شہر میں جنازے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایاز سلیم رانا کو ڈاکٹر اظہرجدون نے بے عزت کروایا۔ جس کا بدلہ لینے کیلئے میں نے ڈاکٹر اظہرجدون کو تھپڑ ماراہے۔

(جاری ہے)

تھانہ کینٹ میں زین خان تنولی کیخلاف مقدمہ درج کیاگیا۔

جمعہ کے روز زین خان تنولی کو سخت سیکورٹی میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیاگیا۔ اس موقع پر لوگوں کی بہت بڑی تعداد احاطہ عدالت میں موجود تھی۔ ملزم زین خان تنولی کے وکلاء نے عدالت میں اپنے دلائل پیش کئے۔ جس کے بعد عدالت نے زین خان تنولی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ پولیس کی جانب سے زین خان تنولی کو میڈیا کے نمائندوں سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

جبکہ دوسری جانب رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون پر حملے کی نہ صرف ہزارہ بلکہ ملکی سطح پر شدید مذمت کی جارہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزراء مشتاق احمد غنی، قلندرلودھی، سابق ایم پی اے نثار صفدر خان، زرگل خان سمیت دیگر پارٹی قائدین نے ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون پر حملے کی شدیدمذمت کی ہے۔ اور ملزم کو سخت سے سخت سزادینے کا مطالبہ کیاہے۔