فائنل میچ میں شائقین کا جوش وجذبہ اور نظم و ضبط قابل تعریف ہے،شہبازشریف

پاکستانی قوم نے بے مثال اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کر کے فائنل کو یادگار بنایا، بلاشبہ اسے تادیر یاد رکھا جائے گا شائقین کرکٹ کو واپسی پر بھی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں،وزیراعلی کی انتظامیہ اورپولیس کو ہدایت

اتوار 5 مارچ 2017 23:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر مارچ ء)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاکہ فائنل میچ میں شائقین کا جوش وجذبہ اور نظم و ضبط قابل تعریف ہے اور قذافی سٹیڈیم میں، میں نے خود میچ دیکھا ہے او ر مجھے کوئٹہ اور پشاور کے کھلاڑیوں کی پرفارمنس دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہی-انہوں نے کہاکہ قوم نے جس جذبے کا مظاہرہ کیاہے وہ قابل تحسین ہے بلاشبہ فائنل میچ دیکھنا یادگار لمحہ ہے -پاکستانی قوم نے آج جس اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کر کے فائنل میچ کو ایک یادگار میچ بنایاہے، بلاشبہ اسے تادیر یاد رکھا جائے گا-وزیراعلی نے ان خیالات کا اظہار قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل کے فائنل میچ دیکھنے کے دوران وہاں موجود سیاسی ودیگراہم شخصیات کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا- وزیراعلی نے پشاور زلمی کی ٹیم کی اننگز مکمل دیکھی اور بعد میں واپس روانہ ہوئی-اس موقع پر انہوں نے وہاں موجود صوبائی انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ میچ ختم ہونے کے بعد شائقین کرکٹ کو واپسی پر بھی اسی طرح سہولتیں فراہم کی جائیں جس طرح انہیں سٹیڈیم میں لانے کے لئے فراہم کی گئی ہیں اور آخری شخص کے گھر جانے تک تمام متعلقہ ادارے محنت اور مستعدی سے فرائض سرانجام دیں -وزیراعلی شہبازشریف کے ہمراہ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ، گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا، گورنر گلگت بلتستان غضنفر علی خان، وزیراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن، کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، وفاقی و صوبائی وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے بھی فائنل میچ دیکھا-

متعلقہ عنوان :