سویڈن، ٹرک حملے کے ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر کر دی گئی

پیر 10 اپریل 2017 11:32

سٹاک ہوم (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اپریل ۔2017ء)سویڈش حکام نے جمعے کو کیے جانے والے ٹرک حملے کے ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ اس واقعے میں دو سویڈش شہری، ایک برطانوی اور بلیجیئم کا ایک شہری ہلاک ہوئے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بیان میں مزید بتایا گیا کہ انتالیس سالہ مشتبہ ٹرک ڈرائیور نے 2014ء میں رہائش کا مستقل اجازت نامہ لینے کے لیے درخواست دی تھی، جسے دو سال بعد مسترد کر دیا گیا تھا۔ حکام کے بقول اس حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں مزید ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ابھی تک اس حملے کا پس منظر واضح نہیں ہو سکا ہے۔