پاکستان کے رنگ نرالے :بالائی اور میدانی علاقوں میں کہیں برفباری تو کہیں دھوپ

پیر 10 اپریل 2017 11:39

گلگت ، لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اپریل ۔2017ء)گلگت بلتستان کے ضلع دیامر اور استور میں برفباری رکنے کا نام نہیں لے رہی،ضلع استور میں کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہیں، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں حالیہ بارشوں کے بعد موسم خوشگوار جبکہ سندھ کے میدانی علاقوں میں موسم گرم ہے۔گلگت بلتستان میں برفباری کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے، دیامر کے بالائی علاقوں میں 3روز سے برفباری ہورہی ہے، چلاس شہر اور گردونواح میں بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

ضلع استور میں بھی برفباری کی وجہ سے کئی رابطہ سڑکیں بحال نہیں کی جاسکیں، مری میں حالیہ برفباری کے بعد سردی واپس لوٹ آئی ہے، آزادکشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی موسم ہلکا سرد ہے۔ادھر پنجاب اور بلوچستان کیمختلف شہروں میں گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں سے گرمی میں کمی آئی ہے۔سندھ میں میرپورخاص، دادو سمیت میدانی علاقوں میں موسم گرم ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔