ایبٹ آباد،طالب علم کی نازیبا تصاویر انٹرنیٹ پر جاری کرنے والے ٹیچر کے خلاف مقدمہ درج

پیر 10 اپریل 2017 11:41

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اپریل ۔2017ء)طالب علم کی نازیباتصاویرانٹرنیٹ پر جاری کرنے والے گورنمنٹ ہائی اسکول بکوٹ کے استاد کیخلاف مقدمہ درج۔ اس ضمن میں پولیس ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ گورنمنٹ ہائی اسکول بکوٹ میں تعینات ٹیچرحسیب الرحمن ولد خلیل الرحمن سکنہ بکوٹ طلباء کونشہ آورگولیاں کھلاکران کی غیراخلاقی تصاویر اور فلمیں بناکر سوشل میڈیاپر جاری کردیتاتھا۔

چند ہفتے قبل تھانہ میرپور کی حدود منڈیاں کے علاقے میں بھی حسیب الرحمن کی جانب سے مبینہ طور پرایک طالبعلم کی غیراخلاقی تصاویربناکر فیس بک پر اپ لوڈ کی گئیں۔متاثرہ طالبعلم نے تھانہ میرپور میں ٹیچرحسیب الرحمن کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دی۔ تاہم پولیس کے پی ڈی ایس پی نے کیس ایف آئی اے سائبرکرائم پشاور لے جانے کا کہہ دیا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد متاثرہ طالبعلم نے ایف آئی اے پشاور میں درخواست دی۔ چند روز قبل ایف آئی اے کی ٹیم نے پولیس کی نفری کے ہمراہ ٹیچر حسیب الرحمن کے گھر پرچھاپہ بھی مارا۔ تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ایف آئی اے کے چھاپے کے بعد ملزم حسیب الرحمن متاثرہ طالبعلم اور اس کے خاندان پر راضی نامہ کیلئے دباؤ ڈال رہاتھا۔ اور راضی نامہ نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہاتھا۔ تھانہ بکوٹ میں متاثرہ طالبعلم کے چچامحمدحنیف ولد محمدگلفرازکی رپورٹ پر پولیس نے ٹیچرحسیب الرحمن کیخلاف زیر دفعہ 506/34 کے تحت ایف آئی آر درج کرکے گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیاہے۔