اقتصادی راہداری نے پاکستان کے بارے میں دنیا کی رائے بدل کر رکھ دی ہے،احسن اقبال

2013ء سے قبل ہمارے مخالفین ہمیں خطرناک ملک قرار دینے پر توانائیاں صرف کر رہے تھے آج پاکستان کے بدخواہ سی پیک کی کامیابی کو روکنے کے لئے شکوک پیدا کرنا چاہ رہے ہیں گوادر خطے میں ترقی کا محور بن کر ابھر رہا ہے،سی پیک تیزی سے حقیقت میں ڈھل رہا ہے سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہی ہو سکتی، وفود سے گفتگو

پیر 10 اپریل 2017 11:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اپریل ۔2017ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری نے پاکستان کے بارے میں دنیا کی رائے بدل کر رکھ دی ہے۔ 2013ء سے قبل ہمارے مخالفین ہمیں خطرناک ملک قرار دینے پر توانائیاں صرف کر رہے تھے، آج پاکستان کے بدخواہ سی پیک کی کامیابی کو روکنے کے لئے شکوک پیدا کرنا چاہ رہے ہیں۔

گوادر خطے میں ترقی کا محور بن کر ابھر رہا ہے۔ سی پیک تیزی سے حقیقت میں ڈھل رہا ہے - سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہی ہو سکتی۔ ا نہوں نے ان خیالات کا اظہار بلوچستان سے آئے ہوئے پارٹی اور نوجوانوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی قوم سی پیک کی حفاظت کے لئے کمر بستہ ہو چکی ہے، تاریخ میں پہلی بار بلوچستان کے عوام کا احساس محرومی ختم ہوتا نظر آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے طول و عرض میں ترقیاتی منصوبوں اور سڑکوں کا جال بچھنے سے وہاں کے عوام قومی دھارے کا حصہ بن چکے ہیں۔ گوادر میں بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی کے قیام سے یہ شہر تعلیمی میدان میں بھی دنیا کی توجہ کا مرکز بن جائے گا۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان اور دیگر ممالک سے طلبہ اور پروفیشنلز گوادر یونیورسٹی میں تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل حاصل کرنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کی منزل پاکستان میں صنعتی انقلاب کی راہ ہموار کرنا اور پاکستان کو تجارتی اور پیداواری مرکز میں ڈھال دینا ہے۔ توانائی ، انفراسٹکچر ، بندرگاہ کے منصوبے پاکستان میں صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھیں گے۔ وہ دن دور نہیں جب میڈ ان پاکستان دنیا بھر میں معیار کی علامت سمجھا جائے گا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چین 85 ملین روزگار کے مواقع کم پیداواری لاگت کے ممالک کو منتقل کر رہا ہے، سی پیک کے ذریعہ ہم اس کا خطیر حصہ حاصل کر سکتے ہیں - عوام اور تعلیم یافتہ افراد افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے ان مواقع سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے پر توجہ کریں۔

انہوں نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ سی پیک کے نتیجے میں صوبہ بلوچستان اور بالخصوص گوادر کے شہریوں کو اقلیت میں بدل دیا جائے گا۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ بلوچستان کے وسائل پر وہاں کے لوگوں کا بنیادی حق ہے اور حکومت صوبے بھر کے عوام کا معاشی، سماجی، قانونی اور ہر لحاظ سے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ گوادر کو جدید ترین پورٹ سٹی بنانے کے لئے ماسٹر پلان پر کام شروع ہو چکا ہے - وہ دن دور نہیں جب گوادر دنیا سنگاپور، ہانگ کانگ اور دبئی کی طرح دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور تجارتی تنظیموں کا مرکز بن جائے گا۔

گوادر میں نئے ائیر پورٹ کی تعمیر سال رواں میں شروع ہو جائیگی - گوادر تا کوئیٹہ اور گوادر تا رتوڈیرو شاہراہوں کی تکمیل بلوچستان کو ترقی سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے - سی پیک پر تمام صوبائی حکومتیں وفاقی حکومت سے ملکر کام کر رہی ہیں - گوادر یونیورسٹی کیمپس کا آغاز کیا جا چکا ہے - سی پیک پاکستانی بزنس کے لئے تاریخی مواقع لایا ہے - نجی شعبے کا فرض ہے کہ سی پیک سے فائدہ اٹھانے کی بھرپور تیاری کرے - صنعتی زونز میں پاکستانیوں کو روزگار ملے گا - تین سالوں میں سی پیک معاہدہ کو کاغذ سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری میں ڈھالنا معمولی کامیابی نہیں - سی پیک کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں - پاکستان خطہ میں تجارت اور صنعت کا مرکز بن کر ابھرے گا - سی پیک 50 ارب ڈالر سے دنیا میں علاقائی تعاون کا سب سے بڑا منصوبہ بن کر ابھرا ہے - سی پیک خطہ میں امن ، خوشحالی اور ترقی کا پیش خیمہ ہے -

متعلقہ عنوان :