یمن میں آتشزدگی، ایک درجن سے زائد ہلاک

پیر 10 اپریل 2017 11:37

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اپریل ۔2017ء)مغربی یمن کے شہر حدیدہ میں آگ لگنے کے واقعے میں کم از کم تیرہ افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ چھبیس زخمی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کم از کم آٹھ لاپتہ افراد کے حوالے سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ شاید وہ پوری طرح جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کئی زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے۔ یہ لوگ ایک پائپ لائن سے رسنے والے تیل کو کنستروں اور بڑی بڑی بوتلوں میں جمع کرنے کے لیے اکھٹے تھے کہ پائپ میں آگ لگ گئی۔ پائپ لائن سے حدیدہ شہر کے لیے بجلی پیدا کرنے والے جنریٹر کو تیل فراہم کیا جاتا ہے۔ آگ لگنے کے واقعے کی تصدیق بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ہادی حکومت نے بھی کر دی ہے۔