پاکستان ریلوے کی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خاتون کی جان بچاتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ کر شہید ہونے والے گیٹ مین محمد عظیم آفریدی کیلئے سول ایوارڈ کی سفارش

پیر 17 اپریل 2017 23:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء) پاکستان ریلوے نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خاتون کی جان بچاتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ کر شہید ہونے والے گیٹ مین محمد عظیم آفریدی کیلئے سول ایوارڈ کی سفارش کر دی۔پیر کو ترجمان کے مطابق پاکستان ریلویز نے اپنے شہید گیٹ مین عظیم آفریدی کو ملک کے اعلی ترین سول ایوارڈ کے لئے نامزد کردیا ہے اور وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر چیف ایگزیکٹوآفیسرمحمدجاوید انور کی منظوری سے ان کا نام کابینہ ڈویژن کو ارسال کردیا گیا ہے۔

پاکستان ریلویز کے گیٹ مین محمد عظیم آفریدی شہید 21مئی کو صبح 9بجے کے قریب پھاٹک نمبر 44پر اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔انہوں نے شالیمار ایکسپریس گزارنے کے لئے پھاٹک کو بند کیااسی اثنا میں اس نے ایک عورت کو ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے دیکھا جبکہ شالیمار ایکسپریس بہت قریب آچکی تھی۔

(جاری ہے)

خاتون کی زندگی کو خطرے میں دیکھ کر عظیم آفریدی نے اِسے خبردار کیا لیکن بے فائدہ ۔

وہ ٹریک سے نہ ہٹی اور ٹرین بھی اپنی مقررہ رفتار سے اس کی طرف بڑھتی رہی۔ عورت کی زندگی کو خطرے میں دیکھ کر محمد عظیم آفریدی ٹریک کی طرف بھاگے اور اس عورت کو ٹریک سے باہر دھکیل کر اس کی جان بچالی لیکن بد قسمتی سے خود ٹرین کی زدمیں آکر شہید ہو گئے۔ محمدعظیم آفریدی نے قربانی، دلیری اور اپنے فرائض منصبی سے بڑھ کر ڈیوٹی کو انجام دینے کی جو اعلی مثال قائم کی وہ مشکل سے ملتی ہے۔ محمد عظیم آفریدی کی قربانی اور خدمت کے عزم کو تسلیم کرتے ہوئے موت کے بعد سول ایوارڈ کی سفارش کی گئی ہے۔(ار)

متعلقہ عنوان :