مانسہرہ ایئرپورٹ کیلئے اراضی کے حصول کاکام شروع کردیا گیا، منصوبہ پر کام جاری ہے،وزیراعلیٰ سندھ کو نوری آباد گیس پاور پلانٹ کی گیس فراہمی کومتنازعہ نہیں بنانی چاہیے ، معاہدہ پر ہمارا نہیںاوگرا کا اعتراض ہے،معاملے کو سندھ حکومت ،پرائیویٹ کمپنی اور سوئی سدرن ملکر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،سندھ کے 7 اضلاع سے 100 ہزار ٹن گندم خریدی جائیگی

سینیٹ میں وفاقی وزیرشیخ آفتاب، وزیر مملکت جام کمال ،مشیرسردار مہتاب عباسی اوردیگرکے ارکان کے سوالوں کے جوابات

پیر 17 اپریل 2017 23:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء)سینیٹ کو آگاہ کیا گیا ہے مانسہرہ ایئرپورٹ کے لئے اراضی کے حصول کاکام شروع کردیا گیا ہے، منصوبہ پر کام جاری ہے،وزیراعلی سندھ کو نوری آباد گیس پاور پلانٹ کی گیس فراہمی کومتنازعہ نہیں بنانا چاہیے معاہدہ پر ہمارا نہیںاوگرا کا اعتراض ہے،معاملے کو سندھ حکومت ،پرائیویٹ کمپنی اور سوئی سدرن مل کر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں,سندھ کے سات اضلاع سے 100 ہزار ٹن گندم خریدی جائے گی۔

پیر کوسینیٹ میں ان خیالات کا اظہا وزرا اور مشیروں نے عوامی نوعیت کے معاملات کا جواب دیتے ہوئے کیا ۔اس دورا ن وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے 35 ارب روپے مختص کئے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر عتیق شیخ کی تحریک پر جواب دیتے ہوئے فاضل سینیٹر نے قابل برداشت نرخوں پر معیاری علاج تک عوام کی رسائی کو یقینی بنانے کے لئے پائیدار ترقی ہدف نمبر 3 پر عمل درآمد کی موجودہ صورتحال کو زیر بحث لانے کی تحریک پیش کی وفاقی وزیرپارلیمانی وزیرنے کہا کہ حکومت نے ملک میں عام آدمی کی صحت کی سہولیات کے لئے عام آدمی کو صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

سکول جانے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب عباسی نے کہا ہے کہ مانسہرہ میں ایئرپورٹ کے قیام کے لئے کام جاری ہے۔ گزشتہ روز سینیٹر اعظم سواتی نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان سفارش کرتا ہے کہ ضلع مانسہرہ میں ایئرپورٹ قائم کیا جائے۔ قرارداد پر حکومت کا موقف پیش کرتے ہوئے سردار مہتاب عباسی نے کہا کہ سینٹرل ورکنگ ڈویلپمنٹ کمیٹی مانسہرہ ایئرپورٹ کی منظوری دے چکی ہے، اس کے لئے اراضی بھی حاصل کی جا چکی ہے، کچھ مزید زمین حاصل کرنی ہے، اس منصوبہ پر کام جاری ہے، اس میں کچھ وقت لگے گا۔

سینیٹر اعظم سواتی نے ان کی یقین دہانی پر قرارداد واپس لے لی۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال نے کہا ہے کہ نوری آباد گیس پاور پلانٹ میں سندھ حکومت پرائیویٹ پارٹی کے ساتھ حصہ دار ہے، اس حوالے سے جو معاہدہ ہوا اس پر اوگرا کا اعتراض ہے، وزیراعلیٰ کو اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہئے تھا جو انہوں نے دیا۔ اس معاملہ کے حل کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

سینیٹر سسی پلیجو، شیری رحمان، تاج حیدر اور میر کبیر کے 13 اپریل کے اجلاس میں اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے معاملہ پر وزارت کی طرف سے جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ نوری آباد گیس پاور پلانٹ میں سندھ حکومت شیئر ہولڈر ہے۔ اوگرا میں یہ معاملہ آیا ہے کہ اس پاور پلانٹ کے حوالے سے سندھ حکومت اور پرائیویٹ پارٹی میں جو معاہدہ ہوا اس میں سقم ہے۔

اوگرا کی طرف سے اس پر اعتراض آیا۔ یہ معاملہ سندھ حکومت پرائیویٹ کمپنی اور سوئی سدرن مل کر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کو اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہئے تھا جو انہوں نے دیا۔ سینیٹر سسی پلیجو اور شیری رحمان نے صوبہ سندھ اور بلوچستان کو گیس کی کم فراہمی کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل 158 کی خلاف ورزی اور اس ضمن میں وزیراعلیٰ سندھ کے بیان کے متعلق معاملہ اٹھایا تھا۔

قبل ازیں سینیٹر سعید غنی کے 28 مارچ کو ایوان میں اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے معاملہ پر وزارت کی طرف سے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی گیس سکیمیں زیادہ اس لئے ہیں کیونکہ پنجاب میں گیس کی سکیموں کی زیادہ ڈیمانڈ ہے۔ دوسرے صوبوں کی ترجیحات میں سڑکیں اور دیگر چیزیں زیادہ ہیں۔وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ سندھ کے کاشتکاروں سے گندم کی کم خریداری کا تاثر درست نہیں۔

وزارت کی طرف سے عوامی اہمیت کے معاملہ پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سندھ کے اضلاع جہاں سے گندم خریدی جائے گی، خریداری کے ھدف کو بڑھایا گیا ہے ۔ سات اضلاع سے 100 ہزار ٹن گندم خریدی جائے گی۔ سندھ کے کاشتکاروں کی فلاح و بہبود ہمارا منشور ہے۔ سندھ کے کاشتکاروں سے بھی گندم خریدی جا رہی ہے۔(اع)

متعلقہ عنوان :