ملک بھر میں آپریشن ردالفساد جاری‘ 29 سرچ آپریشنز کے دوران 9 دہشت گرد گرفتار،اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

سرچ آپریشنز بہاولپور ‘ رحیم یار خان ‘ لودھراں‘ پاکپتن اور بہاولنگر میں کئے گئے، بلوچستان میں ایف سی اور حساس اداروں نے گواک اور منڈ میں سرچ آپریشن کئے جس میں 5 دہشت گرد مارے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے،آئی ایس پی آر

جمعرات 27 اپریل 2017 23:59

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اپریل ء)ملک بھر میں آپریشن ردالفساد جاری‘ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 29 سرچ آپریشن کئے گئے جس میں 9 دہشت گرد گرفتار کئے گئے۔ سرچ آپریشنز بہاولپور ‘ رحیم یار خان ‘ لودھراں‘ پاکپتن اور بہاولنگر میں کئے گئے۔ جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 29 سرچ آپریشنز کئے گئے جس میں سے 12 آپریشن انٹیلی جنس کی بنیاد پر کئے گئے۔

(جاری ہے)

پنجاب کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد گرفتار کئے گئے۔ سرچ آپریشنز بہاولپور ‘ رحیم یار خان ‘ لودھراں ‘ پاکپتن اور بہاولنگر میں کئے گئے۔ بلوچستان میں ایف سی اور حساس اداروں نے گواک اور منڈ میں سرچ آپریشن کئے جس میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے۔ خیبر پختونخوا میں بارقمبر خیل ‘ باڑہ اور خیبر ایجنسی میں دہشت گرد کارروائی ناکام بنائی گئی جبکہ 2 دہشت گرد گرفتار کئے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ …(رانا)