تمام عازمین حج وبائی امراض سے مکمل محفوظ ہیں، سعودی عرب

جمعرات 10 اگست 2017 10:30

ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اگست ء) سعودی عرب کی وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ اب تک مملکت میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے آنے والے عازمین حج تمام وبائی اورخطرناک امراض سے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ عازمین حج کی صحت کے حوالے سے کسی قسم کی تشویش کی ضرورت نہیں۔ حکومت نے تمام حجاج کرام کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کا عزم صمیم کیا ہے۔

(جاری ہے)

العربیہ ٹی وی کے مطابق وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی پہلی ترجیح تمام عازمین حج کی صحت اور سلامتی کویقینی بنانا ہے اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عازمین حج کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے سعودی حکومت سے عالمی ادارہ صحت سمیت وباؤں اور بیماریوں سے نمٹنے کے لیے سرگرم کئی عالمی تنظیمیں بھی تعاون کررہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سے سعودی عرب داخل ہونے والے عازمین حج کا فوری طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔ یکم ذی القعدہ کے بعد سے اب تک 48 ممالک کے 4 لاکھ 43 ہزار 903 عازمین حج مملکت میں داخل ہوئے۔ سو فی صد عازمین حج کو وباؤں سے بچاؤ کی ویکسین دی گئی۔ حکومت نے حرم مکی، مشاعر مقدسہ مدینہ منورہ اور دیگر شہروں میں عازمین حج کے لیے خصوصی مراکز صحت قائم کیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :