وزیر اعلیٰ پنجاب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر اور عہدیداران اور سینئر صحافیوں کی ملاقات

وزیراعلیٰ نے سوالات کے جوابات کے مدلل جواب د ئیے

اتوار 15 اپریل 2018 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 15 اپریل 2018ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر اور عہدیداران اور ملک بھر سے ایگزیکٹو کونسل کے ارکان اوردیگر سینئر صحافیوں نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے ملاقات کے دوران ان کے سوالات کے جوابات کے مدلل جواب دیئے۔ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات مجتبیٰ شجاع الرحمان،صوبائی سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر انور،ڈی جی پی آر محمد شاہد اقبال اوردیگر حکام بھی موجود تھے ۔سینئر صحافی حاجی نواز رضانے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کا لاہور دیکھ کر خوشی ہوتی ہے ۔انہوںنے پورے پنجاب کو یکساں ترقی دی۔شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب نے کارکردگی کا عروج دیکھا۔

(جاری ہے)

خود کو قوم کیلئے وقف کرنیوالے شہبازشریف جیسے پرعزم لیڈر کی قوم کو ضرورت ہے ۔صحافی برادری کی فلاح وبہبود کیلئے انہوںنے ہمیشہ کھلے دل کا مظاہرہ کیا۔ صحافیوں نے ویج بورڈ ایوارڈ پر عملدر آمد لاہور پریس کلب کے ایف بلاک اورملتان پریس کلب کے امور کے بارے میں مطالبات پیش کیے ،وزیراعلیٰ نے ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غورکرنے کی یقین دہانی کرائی۔

کراچی سے آنے والے صحافیوں نے پنجاب کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا کام دوروں صوبوں کے حکمرانوں سے زیادہ نمایاں ہے جسے عالمی سطح پر بھی سراہا جاتا ہے ۔جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی وجہ سے پنجاب کو دوسرے صوبوں پر برتری حاصل ہوگئی ہے ۔لاہور اوردیگر شہروں میں میں لیڈر شپ کا ویژن اورکام نظر آتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے جب کراچی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اب’’ مرسوں مرسوں،کم نہ کرسوں‘‘کی عملی تفسیر بن چکا ہے تو ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔