مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کو برطانوی پولیس نے رہا کر دیا

جنید صفدر اور زکریا حسین نواز سے پوچھ گچھ کی گئی جس کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹ

جمعہ 13 جولائی 2018 14:12

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 13 جولائی 2018ء): برطانوی پولیس نے مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کو رہا کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی پولیس نے جنید صفدر اور زکریا حسین نواز کو رہا کر دیا ہے ۔ برطانوی پولیس نے بتایا کہ دونوں سے پوچھ گچھ کی گئی جس کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر اور حسین نواز کے بیٹے نوجوان کو مکا مارنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے نواسے اور مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کو ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر مظاہرین کے ساتھ جھگڑے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید صفدر اور ان کے کزن زکریا حسین نواز کو برطانوی پولیس نے نوجوان کو مکا مارنے کے الزام میں گرفتار کیا ۔

(جاری ہے)

یہ سب کچھ اس وقت ہوا جب مریم نواز کے بچے صفدر جنید اور ان کے کزن زکریا حسین نواز واپس گھر جا رہے تھے ، گھر کے باہر مظاہرین نے نواز شریف کے خلاف نعرہ بازی شروع کر دی جس پرجنید صفدر ، زکریا حسین نواز اور مظاہرین کے درمیان جھگڑا ہوا اور جنید صفدر کا مکا مظاہرین میں سے ایک لڑکے کو لگا۔

ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کے باہر جنید صفدر اور زکریا حسین کی مظاہرین سے ہاتھا پائی ہونے کے بعد لندن پولیس نے دونوں نوجوانوں کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا۔ اس گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ لوگ جنید کو گالیاں دے رہے تھے، جب گالیاں دیں گے تو رد عمل تو آئے گا ہی ۔اس سے قبل یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ برطانوی پولیس دونوں نوجوانوں کی جامع تلاشی لے گی اور ان کے قبضے سے کوئی ہتھیار برآمد ہونے کی صورت میں انہیں سزا دی جائے گی۔ کچھ ذرائع کے مطابق جنید صفدر اور زکریا حسین نواز کو 7 سال جیل ہونے کا امکان ہے، تاہم اب برطانوی پولیس نے دونوں نوجوانوں کو رہا کر دیا ہے۔