بی اے پی مستونگ خود کش دھماکے میں نوابزادہ سراج رئیسانی اوردیگر کی شہادت پر تین روزہ سوگ منایا جائے گا،

شرپسند اور ملک دشمن عناصر جمہوری سیاسی قوتوں کو حملہ کرکے ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں،بی اے پی کے صدر جام کمال کی پریس کانفرنس

جمعہ 13 جولائی 2018 23:42

کوئٹہ۔13جولائی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 13 جولائی 2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر میر جام کمال نے مستونگ خود کش دھماکے میں پارٹی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی اوردیگر کی شہادت کے بعد 3روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شرپسند اور ملک دشمن عناصر جمہوری سیاسی قوتوں کو حملہ کرکے ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیںجس میں انہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کی رات پارٹی کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پارٹی کے بانی سعید احمد ہاشمی ،جنرل سیکرٹری منظواحمد کاکڑ،میرضیاء لانگو،میر اسماعیل لہڑی،میر خدا بخش لانگو،سردارنور محمد بنگلزئی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میر جام کمال نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں سیاسی قوتوں اور جماعتوں پر حملے کئے جارہے ہیںہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ صرف بلوچستان عوامی پارٹی کو نشانہ بنایا جارہا ہے نوابزادہ میرسراج رئیسانی محب وطن پاکستانی تھے جنہوں نے ایسے وقت میں پاکستان کا پرچم سربلند کیا جب تمام لوگ خوفزدہ تھے ان جیسے پرجوش رہنما بہت کم پیدا ہوتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جس پرجوش انداز میں نوابزادہ سراج رئیسانی شہید نے اپنی انتخابی مہم چلائی اسکی مثال نہیں ملتی انکی شہادت کسی صدمے سے کم نہیں انکے جانے کے بعد جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ پورا کرنا اگرچہ ناممکن ہے لیکن ہم انکی شہادت کے احترام میں آج (ہفتہ ) کو ہونے والا جلسہ ملتوی اور 3روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہیں اس دوران پارٹی کی تمام سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملوں کے باوجود ہم عوامی مہم کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور جتنا ہوسکے اپنے امیدواروں اور عوام کے تحفظ کیلئے اقدامات کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ شہید نوابزادہ سراج رئیسانی کو پروقار انداز میں رخصت کریں گے نگران حکومت کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ تمام صورتحال اسکے سامنے ہے ہم ان سے درخواست کرتے ہیں کہ امیدواروں کو تحفظ فراہم کیا جائے یا کوئی ایسا طریقہ کار بنایا جائے کہ جیسے پہلے لائسنس یافتہ اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت تھی اور گشت میں بھی اضافہ کیا جائے بی اے پی کے بانی سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ بیرونی دشمن امن خراب کرنے کی سازش کررہا ہے ان مقاصد کیلئے وہ اندرونی لوگوں کو بھی استعمال کرتے ہیں دشمن کا مقصد انتخابات کو سبوتاژ کرنا ہے بے شک ہماری جانیں جائیں گی لیکن ہم جمہوری عمل جاری رکھیں گے میری تمام جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ جمہوری عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں ملک کو چلانے کا یہی واحد راستہ ہے۔