چیف الیکشن کمشنر کا امیدواروں کو ہراساںکئے جانے کے معاملے کا نوٹس

،نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو خط لکھ دیا کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،انتخابی مہم میں انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹ ڈالنا قابل قبول نہیںہے ،خط کا متن

جمعہ 13 جولائی 2018 20:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 13 جولائی 2018ء) چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے امیدواروں کو ہراساںکئے جانے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے نگران وزیر اعلی پنجاب حسن عسکری کو خط لکھ دیا ،خط میں کہا گیا ہے کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی لیکن انتخابی مہم میں انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹ ڈالنا بھی قابل قبول نہیںہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے امیدواروں اور ان کے کارکنوں کو ہراساں کرنے کے معاملے پر نگران وزیر اعلی پنجاب حسن عسکری کو خط لکھ دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق متعدد سیاسی جماعتوں نے امیدواروں اوران کے حامیوں کو ہراساں کئے جانے کے الزامات لگائے ہیں ، انہوں نے خط میں کہا کہ یہ درست ہے کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،لیکن انتخابی مہم میں انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹ ڈالنا بھی قابل قبول نہیںہے ، چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیر اعلی پنجاب کو معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی ۔