ہارون بلور پر حملے میں طالبان نہیں ہمارے اپنے ملوث ہیں ، غلام احمد بلور

ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں، ہارون بلور کے قتل میں وہ لوگ ملوث ہیں جن کو اس واقعہ سے فائدہ پہنچا، ہمارے مخالفین سمجھتے ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے لیکن ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں،ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی، دشمن ہمیں مارتے جائیں گے اور ہم لڑتے جائیں گے،اے این پی کے شہید رہنما ہارون بلور کے چچا غلام احمد بلور کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 15 جولائی 2018 16:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 15 جولائی 2018ء) اے این پی کے شہید رہنما ہارون بلور کے چچا غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ میرے بھتیجے کو طالبان نے نہیں بلکہ ہمارے اپنوں نے شہید کیا ، ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں، ہارون بلور کے قتل میں وہ لوگ ملوث ہیں جن کو اس واقعہ سے فائدہ پہنچا، ہمارے مخالفین سمجھتے ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے لیکن ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں،ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی، دشمن ہمیں مارتے جائیں گے اور ہم لڑتے جائیں گے ۔

پشاور کے علاقے یکہ توت میں دھماکے میں شہید ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور کے چچا غلام احمد بلور نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان نے بیان دیا ہے کہ ہم نے ہارون بلور کو شہید کیا لیکن معاملہ اس کے برعکس ہے ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ ہارون بلور کے قتل میں طالبان نہیں ہمارے اپنے ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

غلام احمد بلور نے شعر سناتے ہوئے کہا کہ دیکھا جو تیر کھا کر کمین گاہ کی طرف اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہوگئی، ہمیں ایسی ملومات ملی ہیں کہ اس واقعہ میں اپنوں کا ہاتھ ہے۔غلام بلور نے کہا کہ ہارون بلور کے قتل میں وہ لوگ ملوث ہیں جن کو اس واقعہ سے فائدہ پہنچا، سانحے سے طالبان کو تو کوئی فائدہ نہیں ہونا تھا، ہمارے مخالفین سمجھتے ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے لیکن ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں اور ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی، دشمن ہمیں مارتے جائیں گے اور ہم لڑتے جائیں گے لیکن ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے لئے میدان میں اتریں گے اور پی کے 78 میرے بیٹے شہید ہارون بلور کی نشست ہے وہاں ایسا امیدوار لائیں گے جو جیتے گا۔