نواز شریف مشکل میں اپنی غلطیوں سے پھنسے،خلاف فیصلہ آنے پر عدالت میں لڑیں ، عدالت سے نہیں لڑیں، چودھری نثار

میں نے (ن) لیگ سے اس طرح وفاداری نبھائی جیسے سگا بھائی نبھاتا ہے، جس امیدوار کو بلے کے نشان پر کھڑا کیا جا رہا ہے اس نے ساری عمر پارٹیاں تبدیل کرنے میں گزاری ، ملک کو درپیش خطرات اور اقتصادی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ، جلسے سے خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 22:52

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 21 جولائی 2018ء)مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نواز شریف مشکل میں اپنی غلطیوں کی وجہ سے پھنسے،خلاف فیصلہ آنے پر عدالت میں لڑیں ، عدالت سے نہیں لڑیں، میں نے (ن) لیگ سے اس طرح وفاداری نبھائی جیسے سگا بھائی نبھاتا ہے، جس امیدوار کو بلے کے نشان پر کھڑا کیا جا رہا ہے اس نے ساری عمر پارٹیاں تبدیل کرنے میں گزاری ہے ،ْملک کو درپیش خطرات اور اقتصادی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

اپنے انتخابی حلقے این اے 59 میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ میں نے (ن) لیگ سے اس طرح وفاداری نبھائی جیسے سگا بھائی نبھاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم چودہ پندرہ افراد نوازشریف کو آگے لائے، میرے سوا سب ن لیگ چھوڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف مشکل میں اپنی غلطیوں کی وجہ سے پھنسے ہیں۔چودھری نثار نے کہا کہ میں نے نواز شریف کو کہا مشکل میں اپنے مخالف کم کرنے چاہئیںلیکن نواز شریف نے خود لکھ کر دیا کہ عدالت میرا کیس سنے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیخلاف فیصلہ آ گیا ہے تو پھر اسے عدالت میں لڑیں عدالت سے نہیں لڑیں۔انہوں نے کہا کہ میں چپ بھی رہ سکتا تھا لیکن میں نے سچی بات کہی، یہ نواز شریف کا کام تھا کہ خوشامدیوں کی نہ سنتے میری بات سنتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کہا اگر ٹکٹ چاہئے تو درخواست دو، میں نے کہا آپ لاہور کے ہو تو میں پوٹھوہار سے ہوں درخواست نہیں دوں گا۔

انہوں نے کہاکہ جس امیدوار کو بلے کے نشان پر کھڑا کیا جا رہا اس نے تو ساری عمر پارٹیاں تبدیل کرنے میں گزاری ہے ،ْیہ جنرل ضیاء الحق کے دور میں میرے ساتھ نیچے ایم پی اے آیا تھا ،ْبینظیر بھٹو آئی تو ان کیساتھ شامل ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان اور میں سکول کے زمانے سے ہم دوست ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ چودھری نثار کہے گا تو ٹکٹ دوں گا، میں نے کہا میں عوام کے ٹکٹ پر الیکشن لڑوں گا، میں نے سیاست میں صرف دوست کمائے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ملک کو درپیش خطرات اور اقتصادی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ موجودہ درپیش مسائل سے کوئی بھی سیاسی جماعت اکیلے نمٹنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ انہو ں نے کہا کہ جیپ کے نشان کا کسی ادارے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کا مشکل ترین الیکشن ہے اور انتخابات میں کامیابی کے بعد حکومت بنانے والی پارٹی کو مشکل ترین اقتصادی صورتحال کا سامنا ہو گا۔