متحد ہ عرب امارات کے بعد بحرین نے بھی اسرائیل کے ساتھ پروازوں کا معاہدہ کر لیا

بحرینی کابینہ نے اسرائیل کے ساتھ فضائی سروس سے متعلق مفاہمتی یاددا شت کی منظوری دے دی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 10 نومبر 2020 11:28

متحد ہ عرب امارات کے بعد بحرین نے بھی اسرائیل کے ساتھ پروازوں کا معاہدہ کر لیا
منامہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،10 نومبر2020ء ) متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان پروازوں کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے بعد اب بحرین اور اسرائیل کے درمیان بھی جلد پروازیں شروع ہونے والی ہیں۔ اس حوالے سے بحرینی کابینہ نے اسرائیلی ایوی ایشن کے ساتھ دوطرفہ تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوری دے دی ہے۔بحرین اور اسرائیل نے اکتوبر میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے ایک معاہدے اور کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے تھے۔

جس کے بعد اسرائیل اور امریکا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے منامہ کا دورہ کیا تھا اوربحرینی حکام سے مختلف امور پر بات چیت کی تھی۔اسرائیلی وزیراعظم کی کابینہ نے 25 اکتوبر کو بحرین سے معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے معاہدے کی منظوری دی تھی۔

(جاری ہے)

نیتن یاہو نے 15 ستمبر کو وائٹ ہاوٴس میں بحرینی وزیرخارجہ عبداللطیف الزیانی کے ساتھ اس معاہدہ ابراہیم پر دست خط کیے تھے۔

بحرین کی کابینہ نے 19 اکتوبر کو اس کی منظوری دی تھی۔دوسری جانب بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی نے اسرائیل کے ساتھ طے پائے امن معاہدے کو تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیرنگرانی بحرینی فرمانروا حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ کیا گیا امن معاہدہ مشرق وسطیٰ میں حقیقی اور دیر پا امن کے قیام میں مدد گار ثابت ہوگا۔

العربیہ نیوز کے مطابق ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں بحرینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک خطے میں قیام امن کی کوششوں کو ایک تزویراتی آپشن کے طور پر دیکھتا ہے۔ ہم فلسطینیوں اوراسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے اور بین الاقوامی قراردادوں اور عرب امن فارمولے کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے حل کے خواہاں ہیں۔ برادر فلسطینی قوم کو اس کے حقوق کی ضمانت کی فراہمی ضروری ہے۔

اسرائیل کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ خطے میں امن کے مواقع پیدا کرے گا اور فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جاری دیرینہ کشمکش کے خاتمے کی راہ ہموار ہوگی۔الزیانی نے کہا کہ بحرین کے فرمانروا خطے کے تمام ممالک کے ساتھ بات چیت پر یقین رکھتے ہیں اور وہ ایک اچھے ہمسائے کے طور پر بقائے باہمی کے اصول پرکاربند ہیں۔بحرین اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کے اعلان کو عرب امن فارمولے کے اہداف کا حصہ قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی نے کہا کہ اس طرح کے معاہدوں سے خطے میں دیر پر امن کو فروغ ملے گا۔ اسرائیل نے مزید فلسطینی اراضی کے الحاق سے دست برداری اور مشرق وسطیٰ میں امن کیلیے مزید اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں